کمشنر حیدرآباد سٹی پولیس کی دعوت افطار ، وزیر داخلہ اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کی شرکت
حیدرآباد۔22 ۔ اپریل (سیاست نیوز) پولیس کمشنر حیدرآباد مسٹر سی وی آنند نے آج چومحلہ پیالس کے دامن میں دعوت افطار کا اہتمام کیا جس میں شہر کے مشہور و معروف شخصیتوں کے علاوہ علماء و مشائخین نے بھی شرکت کی ۔ اس موقع پر سی وی آنند نے کہا کہ دو سال کے طویل عرصہ کے بعد سٹی پولیس کی جانب سے دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا ہے اور وہ بے حد مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک میں اللہ سبحانہ تعالیٰ کورونا وائرس جیسے مرض کے علاوہ دیگر پریشانیاں و تکالیف بھی دور کریں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک ایک پاک و مقدس مہینہ جس میں مسلم بھائی روزہ کے ذریعہ اپنی روح کو پاک کرتے ہیں۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ یہ مقدس مہینہ صبر و تحمل کے علاوہ اپنی ضروریات و خواہشات پر قابو کرنا سکھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ ماہ کے پیش نظر پولیس کی جانب سے مؤثر انتظامات کئے گئے اور مساجد کے پاس بھی مناسب فورس تعینات کی گئی ہے۔ حیدرآباد کی گنگا جمنی تہذیب ہندوستان بھر میں مشہور ہے اور کسی بھی امتحان کے وقت حیدرآبادی عوام نے اس بات کو ثابت کیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر حیدرآباد ایک واحد شہر ہے جو ہر مذہب کے شہریان اپنی آزادی اور خوشی سے عید و تہوار مناتے ہیں۔ اس موقع پر وزیر داخلہ جناب محمود علی کے علاوہ چیف سکریٹری سومیش کمار ، ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ مہیندر ریڈی ، حکومت کے مشیر و سابقہ آئی پی ایس عہدیدار اے کے خان ، ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو انجنی کمار ، ڈائرکٹر جنرل پولیس روڈ سیفٹی سندیپ شنڈیلیا کے علاوہ کئی عہدیداروں نے شرکت کی ۔ اس کے علاوہ چیرمین اقلیتی کمیشن محمد قمرالدین ، سابق وقف چیرمین الحاج محمد سلیم ، چیرمین اقلیتی فینانس کارپوریشن اکبر حسین ، رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اسد الدین اویسی، مولانا مفتی خلیل احمد ، سید حسن ابراہیم حسینی سجاد پاشاہ قادری چمن ، سید شاہ اولیاء حسینی مرتضیٰ پاشاہ ، حافظ و قاری محمد عثمان نقشبندی ، حافظ محمد صابر پاشاہ قادری ، مولانا مفتی محمد مستان علی قادری اور دیگر نے شرکت کی۔ ب