مذہبی خبریں

   

جمعہ کے بیان میں ختم نبوت کے عنوان پر خطاب کرنے
مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ کی اپیل
حیدرآباد۔ 9 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مولانا انصار اللّٰہ قاسمی آرگنائزر مجلس تحفظ ختم نبوت کے بموجب ریاستی مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ تلنگانہ و آندھرا پردیش کے ارکان و عہدیداران مولانا شاہ جمال الرحمان مفتاحی، مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی قاسمی، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، مولانا محمد عبد القوی، مولانا حافظ خواجہ نذیر الدین سبیلی، مولانا محمد امجد علی قاسمی، مولانا مصلح الدین قاسمی اور مولانا محمد ارشد علی قاسمی نے اپنے صحافی بیان میں کہا: ختم نبوت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سب سے اہم اور بنیادی صفت ہے، ہر سچا مسلمان آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی اس امتیازی شان کو دل و جان سے تسلیم کرتے ہوئے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے آخری نبی ہونے کا عقیدہ رکھتا ہے اور یہ اسلام کے اہم ترین اور بنیادی عقائد میں سے ہے، ماہ ربیع الاول میں جہاں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے مختلف گوشوں پر گفتگو کی جاتی ہے، وہیں سیرت طیبہ کے اس اہم ترین اور خاص پہلو “ختم نبوت” پر بھی روشنی ڈالنا ضروری ہے، کیوں کہ اس کا تعلق آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی خاص شان کے علاوہ امت مسلمہ کے عقیدہ و ایمان کی حفاظت سے ہے، اس لئے ہر سال ربیع الاول کے مہینہ میں ریاستی مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ کے زیر اہتمام گریٹر حیدر آباد کے مختلف علاقوں، تلنگانہ اور آندھرا کے مختلف اضلاع کے شہروں منڈلوں اور دیہاتوں میں ختم نبوت کو موضوع بنا کر ’’سیرت خاتم النبیین‘‘کے عنوان سے جلسے رکھے جاتے ہیں، الحمد اللّٰہ یہ سلسلہ جاری ہے، اسی ضمن میں یہ بھی طے پایا کہ ربیع الاول کے آخری جمعہ کو گریٹر حیدر آباد اور دونوں ریاستوں کے تمام اضلاع و شہروں کی مساجد میں جمعہ کے دن اردو بیان میں ختم نبوت کے عنوان پر خطاب کیا جائے، اس لئے ہم تمام ائمہ و خطیب حضرات سے اپیل کرتے ہیں کہ 11 ستمبر2026ء بروز جمعہ اپنی مساجد میں اس عنوان پر خطاب کریں، تاکہ مسلمان عقیدہ ختم نبوت کی عظمت و اہمیت سے واقف ہو کر فتنہ قادیانیت کی گمراہی سے محفوظ رہیں۔

باران رحمت کیلئے دعائیں کرنے عامتہ المسلمین سے دردمندانہ اپیل
حیدرآباد۔/9 ستمبر۔ (پریس نوٹ) جناب سید ایوب حسینی صدر کل ہند مجلس تعمیرملت نے عامتہ المسلمین سے ایک اپیل جاری کرتے ہوئے کہا کہ سال حال تلنگانہ میں برسات میں غیر معمولی کمی کے سبب سے عام عوام اور خاص کر کسان پریشان ہے جس کی وجہہ سے عوام کو آنے والے وقت میں مشکل اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے اس لئے میں عوام سے خاص کر مسلمانوں سے اپیل کرتا ہوکہ وہ خصوصی دعائوں کا اہتمام کریں اورمساجد کے صدور و انتظامی کمیٹیوں سے بھی اپیل کرتا ہو کہ وہ اپنی اپنی مساجد میں برسات کیلئے دعاء کا اہتمام کریں جس کے ذریعہ آنے والی پریشانیوں سے ہم محفوظ رہے سکیں۔

خانقاہ کامل میں آج سالانہ نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد 9 ستمبر- ( راست ) ۔ خانقاہ کامل مرکزی آستانہ شطاریہ دبیر پورہ میں جشن میلاد النبی ﷺ و سالانہ فاتحہ محل حضرت سلطان الواعظین سید مرتضیٰ بادشاہ قادری زرّین کُلاہ ؒ کے ضمن میں کامل اکیڈمی کے زیراہتمام سالانہ غیر طرحی نعتیہ مشاعرہ 27 ربیع المنور بروز جمعرات 9 بجے شب مقرر ہے۔ مولانا سید محمود بادشاہ قادری زرّین کُلاہ جانشین حضرت سلطان الواعظین ؒ نگرانی کریں گے۔ شعرائے کرام نعتیہ کلام پیش کریں گے۔ قاضی فاروق عارفی ناظم و مولانا سید قادر محی الدین قادری جنید پاشاہ زرّین کُلاہ معتمد مشاعرہ ہوں گے۔

عرس شریف حضرت ابراہیم الحق قادریؒ
حیدرآباد ۔ 9 ۔ ستمبر : ( راست ) : حضرت محمد شاہ ابراہیم الحق قادری چشتیؒ کا 31واں سالانہ عرس شریف 27 ربیع الاول 10 ستمبر بروز جمعرات مقرر ہے ۔ متولی جناب محمد شاہ حامد الحق قادری کے مطابق 27 ربیع الاول کو بعد عصر تا مغرب محفل سماع درگاہ حضرت برہنہ شاہؒ میں منعقد ہوگی ۔ جلوس صندل بعد مغرب درگاہ حضرت برہنہ شاہؒ سے برآمد کر ماما بختاور ہاٹ درگاہ شریف پہونچے گا ۔ بعد صندل مالی محفل سماع اور سلام ہوگا ۔ متولی نے عوام اور معتقدین سے شرکت کی اپیل کی ہے ۔۔