مرکزی اداروں میں تقررکردہ 71 ہزارامیدواروں میں کل احکامات کی اجرائی

   

حیدرآباد۔/11اپریل، ( سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی 13 اپریل کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سرکاری محکمہ جات میں تقررکردہ تقریباً 71 ہزار امیدواروں کو تقررات کے مکتوب جاری کریں گے۔ ملک کی 19 ریاستوں و مرکزی زیر انتظام علاقوں کے 45 مقامات پر یہ تقریب ہوگی۔ تلنگانہ میں مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی نئے تقررکردہ امیدواروں میں مکتوب تقرر حوالے کریں گے۔ روزگار میلہ اسکیم کے تحت سرکاری اداروں میں یہ تقررات کئے گئے۔ اس موقع پر جنرل منیجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے ارون کمار جین اور دیگر موجود رہیں گے۔ یہ تقریب ریل کلارنگ بھوئی گوڑہ میں 13 اپریل کو منعقد ہوگی۔ روزگار میلہ کے تحت وزیر اعظم نریندر مودی نے مرکزی حکومت کے اداروں میں تقررات پر توجہ مرکوز کی ہے۔ ملک بھر سے امیدواروں کے تقررات کئے گئے اور محکمہ ریلویز میں ٹرین منیجر، اسٹیشن ماسٹر، سینئر کمرشیل کم ٹکٹ کلرک، انسپکٹر، سب انسپکٹر، کانسٹبل، اسٹینو گرافر، جونیر اکاؤنٹنٹ، پوسٹل اسسٹنٹ، انکم ٹیکس انسپکٹر، ٹیکس اسسٹنٹ اور دیگر عہدوں پر تقررات کئے جارہے ہیں۔ر