معاشی جرائم میں ملوث ہونے یا تعلقات کا پتہ لگانے کی کوشش ، مسافروں میں تشویش
حیدرآباد۔10۔اگسٹ(سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی جانب سے انفرادی اور شخصی تفصیلات حاصل کرنے کے معاملہ اور شخصی آزادی پر کاری ضرب لگانے کے الزامات کے دوران فضائی مسافرین کی تفصیلات کے حصول کے فیصلہ کو مزید تنقیدوں کا نشانہ بنایا جانے لگا ہے اور کہا جا رہاہے کہ حکومت شہریوں کی شخصی معلومات اکٹھا کر رہی ہے جو کہ شخصی معلومات کے قوانین کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے معاشی جرائم کی روک تھام اور معاشی مجرمین کو ملک سے فرار ہونے سے روکنے کے لئے نئے قواعد کو منظوری دیتے ہوئے اس سلسلہ میں اعلامیہ جاری کیا ہے اور اس اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ ہی یہ مسئلہ ہندستانی شہریوں بالخصوص فضائی مسافرین کی شخصی معلومات اور تفصیلات کے افشاء اور ان کی شخصی معلومات کو مخفی رکھنے کا مسئلہ بن چکا ہے۔مرکزی وزارت فینانس کی جانب سے گذشتہ دنوں جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق اب ہندستان سے پرواز کرنے والی اور ہندستان پہنچنے والی تمام پروازوںکے مسافرین کی تفصیلات ائیر لائنس کو کسٹمس کے حوالہ کرنا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق نئے اعلامیہ کے مطابق ملک سے روانہ ہونے والے مسافرین اور ملک پہنچنے والے مسافرین کی تمام تفصیلات بشمول ان کے نام‘ پتہ ‘ فون نمبر‘ ای ۔میل ایڈریس ‘ اور جس کریڈیٹ کارڈ کے ذریعہ ٹکٹ بک کروایا گیا ہے اس کی تفصیلات 24گھنٹے قبل کسٹمس کے حوالہ کیا جانا لازمی ہے۔ ائیر لائنس کے لئے جاری کئے گئے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مرکزی حکومت معاشی جرائم کی روک تھام اور معاشی جرائم کے ارتکاب کے بعد ملک سے فرار ہونے کی کوشش کرنے والوں کو روکنے کیلئے یہ پابندی عائد کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ائیر لائنس کے ذمہ داروں کی جانب سے ہندستانی شہریوں کی آمد و رفت کے سلسلہ میں تفصیلات کی فراہمی کے متعلق آمادگی ظاہر کی جا رہی لیکن بیرونی شہریوں کی تفصیلات کے متعلق حکومت سے وضاحت طلب کرنے پر غور کیا جا رہاہے لیکن محکمہ فینانس کے ذرائع کا کہناہے کہ کثرت سے بیرونی سفر کرنے والے مسافرین خواہ وہ ہندستانی ہوں یا کسی اور ملک کے باشندے ہوں ان تمام کی تفصیلات حکومت کی جانب سے حاصل کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس بات سے آگہی حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ معاشی جرائم میں ملوث افراد سے ان کے تعلقات کے متعلق معلومات حاصل کی جائیں۔ محکمہ فینانس کے ذرائع کے مطابق اس اعلامیہ کی اجرائی کے بعد معاشی مجرمین کی ملک سے فراری یا خفیہ طریقہ سے ہندستان کا دورہ کرتے ہوئے اپنے اثاثوں کی فروخت وغیرہ ممکن نہیں ہوگی ۔م