صدر نشین بورڈ محمد مسیح اللہ خاں سے مجاہد ہاشمی عوامی مجلس عمل کی ملاقات
حیدرآباد۔4۔اگسٹ(سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ مساجد کے تحفظ اور ان کو کسی بھی طرح کے نقصانات سے محفوظ رکھنے کے لئے ریاست میں بھر کی مساجد کے ذمہ داروں کے ساتھ ضلع واری اساس پر اجلاس منعقد کرتے ہوئے مساجد کے قانونی موقف کو مستحکم بنانے کے اقدامات کرے۔ جناب مجاہد ہاشمی معتمد عوامی مجلس عمل تلنگانہ و آندھراپردیش نے صدرنشین وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں ایک مکتوب حوالہ کرتے ہوئے مختلف تجاویز پیش کی او رکہا کہ ریاست میں مساجد کی شہادت اور انہدام کے لئے جس انداز میں کاروائیاں انجام دی جا رہی ہیں ان کاروائیوںکو فوری طور پر روکنے کے لئے منظم منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ انہو ںنے وقف بورڈ کے حوالہ کی گئی تجاویز میں کہا کہ ریاست تلنگانہ کی تمام مساجد کے دستاویزات کو درست کروانے کے علاوہ ان کے برقی ‘ آبرسانی‘ بلدی امور کی یکسوئی کے لئے وقف بورڈ میں ذیلی شعبہ قائم کرتے ہوئے اس کے ذریعہ مساجد کو تحفظ فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں ۔ جناب مجاہد ہاشمی نے مساجد کی مجالس انتظامی کو درپیش مسائل کی یکسوئی کے لئے وقف بورڈ میں علحدہ ذیلی شعبہ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس طرح کا شعبہ قائم کرتے ہوئے معاملات کی یکسوئی اور ان میں بہتری لانے کے اقداما ت کئے جاتے ہیں تو اس طرح کے واقعات کا اعادہ ہونے سے روکا جاسکتا ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے ان تجاویز کا جائزہ لینے اور علمائے اکرام و ماہرین سے مشورہ کے بعد ا س سلسلہ میں قطعی فیصلہ کرنے کا تیقن دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں کسی بھی مسجد کی شہادت یانقصان پہنچائے جانے کے واقعات نہ ہوں اس کے لئے وقف بورڈ حکمت عملی تیار کرنے میں مصروف ہے اور ان تجاویز کا بھی خصوصی خیال رکھا جائے گا۔م