پنجاب کے فرید کوٹ میں بھٹی وکرامارکا نے کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا
حیدرآباد۔/26 مئی ، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ بھٹی وکرامارکا نے پنجاب کے فرید کوٹ لوک سبھا حلقہ میں کانگریس کی انتخابی مہم کو جاری رکھتے ہوئے مرکزی حکومت پر کسانوں کے خلاف سیاہ قوانین وضع کرنے کا الزام عائد کیا۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ مرکز میں انڈیا الائینس کے برسراقتدار آتے ہی کسانوں کو ان کی پیداوار پر اقل ترین امددی قیمت کو یقینی بنانے کیلئے قانون سازی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس زیر قیادت اپوزیشن اتحاد کسانوں کی بھلائی کے بارے میں سنجیدہ ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے فرید کوٹ لوک سبھا حلقہ کے تحت تین اسمبلی حلقہ جات میں رائے دہندوں سے ملاقات کی اور تلنگانہ حکومت کی جانب سے 5 ضمانتوں پر عمل آوری کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت دھان، کپاس اور دیگر پیداوار کیلئے امدادی قیمت فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں عوامی شعبہ جات کے اداروں میں 30 لاکھ سے زائد ملازمتیں مخلوعہ ہیں۔ انڈیا اتحاد برسراقتدار آنے پر ان جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیروزگار نوجوانوں کے علاوہ غیر منظم ورکرس اور خواتین کیلئے بھی انڈیا الائینس ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کا منصوبہ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے احتجاج کے بعد مرکزی حکومت نے سیاہ قوانین سے دستبرداری اختیار کی۔ بی جے پی پر فرقہ وارانہ ایجنڈہ کا الزام عائد کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ بیروزگاری، مہنگائی اور دیگر عوامی مسائل کے بجائے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ مندر، منگل سوتر، مٹن اور مسلمانوں کو انتخابی موضوع بناتے ہوئے سماج میں پھوٹ پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ملک میں آئندہ حکومت اپوزیشن اتحاد کی ہوگی۔1