عمران خان کے مخالف امریکی بیانات سے تعلقات خراب
واشنگٹن۔ امریکی سینیٹ کے قائد ایوان چک شومر نے صدر نشین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ قائدایوان امریکی سینیٹ چک شومر نے نیو یارک میں امریکن پاکستان ایڈوکیسی گروپ سے خطاب کیا، اس دوران ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے امریکہ مخالف بیانات نے تعلقات خراب کیے۔انھوں نے کہا کہ سابق پاکستانی وزیراعظم نے امریکہ کے لیے کوئی اچھی باتیں نہیں کیں، امید ہے شہباز شریف صورتحال بہتر بنائیں گے۔ چک شومر کا کہنا تھا کہ پاک امریکہ تعلقات کی بہتری کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنے کو تیار ہوں۔دوران خطاب انھوں نے ہندوستان میں مسلمانوں پر مودی حکومت کے ظالمانہ سلوک کی مذمت بھی کی اورکہاکہ کشمیریوں کے حقوق کا تحفظ کر نا ہوگا۔