اقلیتوں کی ترقی کے لیے ادارۂ سیاست شب و روز کوشاں : جناب عامر علی خان
محبوب آباد ۔3 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسلمانوں کو معاشی اور تعلیمی، سیاسی طور پر مستحکم ہونے کیلئے منصوبہ بندی کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ تلنگانہ کے اقلیتوں کی ترقی کیلئے ادارہ سیاست شب و روز کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست کے دورۂ محبوب آباد کے موقع پر محبوب آباد ڈسٹرکٹ مائناریٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں دانشوران ملت، علماء کرام، مساجد، نوجوانان ملت اور خواتین کی کثیر تعداد شریک تھی جو مقامی طور پر تعلیم، روزگار اور اقلیتوں کی سماجی ترقی سے متعلق مسائل پر غوروخوض کرنے کیلئے جمع ہوئے تھے۔ اس موقع پر عامر علی خان نے شرکاء سے ترقی کو یقینی بنانے کیلئے آپسی اتحاد، بیداری اور جمہوری عمل میں فعال شرکت کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے نوجوانوں کو روشن مستقبل کی تشکیل میں قائدانہ کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ روزنامہ سیاست مسلمانوں کو ہر شعبہ یعنی تعلیم اور روزگار میں اسکل ڈیولپمنٹ کیلئے ہر ممکنہ مدد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی خدمت کیلئے میں ہمیشہ تیار رہتا ہوں۔ اسلام ہمیں دوسروں کی بھلائی کیلئے کام کرنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے محبوب آباد کے مسلمان آپسی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر مشترکہ ترقی کیلئے متحد ہوجائیں۔ حکومتیں وسائل میں منصفانہ حصہ مختص کرنے میں پس و پیش کا مظاہرہ کرتی ہیں۔ اس پروگرام میں محبوب آباد کے اطراف کے منڈل و دیگر علاقہ کیسمدرم، نیلی کدور، نیکنڈا، گارلہ، گنڈی پور، آرتی گارڈن کالونی، بنگلہ، کنکر بورڈ سے مسلمانوں کی کثیر تعداد شرکت کی۔ پروگرام میں جوش و خروش اور اتحاد کا ماحول تھا جس میں مقامی مقررین نے علاقہ کی پسماندگی سے عامر علی خان کو واقف کرواتے ہوئے مسلم کمیونٹی کی ترقی کیلئے عامر علی خاں کی مسلسل کاوشوں کی ستائش کی اور ان کی جاری کوششوں کیلئے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔ اس پروگرام میں مفتی عالمگیر، مولانا عبدالحمید، سیدہ خان، ایس کے مختار، محمد اسلم، عثمان، محمد عبدالنعیم، محمد فضل، محمد ریاض، شوکت، ایس کے عمران، محمد اسمعیل، امیر، سید امام، آصف، قدر، غوث، عبدالرحمن، یٰسین، جانی، عبداللہ، فرزانہ اور دیگر موجود تھے۔ بعدازاں مختلف منڈل جات سے آئے ہوئے نوجوانوں نے عامر علی خان سے ملاقات کرتے ہوئے اپنے اپنے مسائل سے واقف کروایا۔ عامر علی خان کے محبوب آباد کے دورہ پر مقامی مسلم ڈیولپمنٹ کمیونٹی کی جانب سے گلپوشی کی گئی ۔ مولانا حمید کی قرأت کلام پاک سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ ایم اے نعیم اسٹاف رپورٹر نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔