مشرق وسطیٰ کی کشیدگی :انڈیگو اور ایئر انڈیا کی پروازیں معطل

   

ممبئی ، 24 جون (یو این آئی) مشرق وسطیٰ کے خطے میں کشیدگی کے بادل منڈلانے کے بعد ہندوستانی ایئرلائنز کی بین الاقوامی پروازیں شدید متاثر ہوئی ہیں۔ ایئر انڈیا اور انڈیگو نے منگل کو اعلان کیا کہ مشرق وسطیٰ، شمالی امریکہ اور یورپ کے مشرقی ساحل کیلئے آنے اور جانے والی متعدد پروازوں کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے ۔ایئر انڈیا کے ایک اہلکار نے بتایا کہ مشرق وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر اے آئی نے خطے میں اپنی تمام پروازوں کی سرگرمیاں فی الحال روک دی ہیں اور شمالی امریکہ و یورپ کے مشرقی ساحل کی جانب جانے والی پروازوں کو اگلے حکم تک معطل رکھا جائے گا۔شمالی امریکہ سے ہندوستان آنے والی ایئر انڈیا کی کئی پروازوں کو ان کے اصل مقامات کی جانب واپس بھیجا گیا ہے ، جبکہ کچھ کو ہندوستان واپس لایا جا رہا ہے یا انہیں ممنوعہ فضائی حدود سے دور کر دیا گیا ہے ۔اسی طرح، انڈیگو نے بھی تصدیق کی کہ دبئی، دوحہ، بحرین، دمام، ابوظہبی، کویت، راس الخیمہ اور تبلیسی جانے والی اور وہاں سے آنے والی پروازیں عارضی طور پر متاثر ہوئی ہیں۔انڈیگو کے مطابق جیسے جیسے ہوائی اڈے دوبارہ کھلنے لگے ہیں، ایئرلائن مناسب حکمت عملی کے ساتھ اپنی پروازیں بتدریج بحال کرے گی۔
ایئر انڈیا اور انڈیگو دونوں نے مسافروں سے تعاون کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ یہ حالات ایئرلائنز کے دائرہ اختیار سے باہر ہیں، اس لیے مسافر اپنے سفر سے قبل پروازوں کی تازہ ترین معلومات حاصل کریں۔