تلگو فلم ’’لکی بھاسکر‘‘ کی کامیابی پر مبارکباد، سلمان کو تہنیت پیش کی گئی
حیدرآباد۔ 20 جولائی (سیاست نیوز) ملیالم فلموں کے مشہور اداکار دلقر سلمان نے آج چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ان کی قیام گاہ پر ملاقات کی۔ سلمان نے تلگو فلم ’’لکی بھاسکر‘‘ میں نمایاں رول ادا کیا تھا اور یہ فلم غیر معمولی کامیاب رہی جس کے بعد ملیالم فلموں کے اداکار تلگو شائقین میں بھی غیر معمولی مقبول ہوچکے ہیں۔ فلم کی کامیابی کے بعد دلقر سلمان نے چیف منسٹر سے خیرسگالی ملاقات کی اور تلگو فلم انڈسٹری میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔ سلمان اس سے قبل ’’مہانتی‘‘ اور ’’سیتارامم‘‘ جیسی ہٹ فلموں کے ذریعہ تلگو شائقین میں اپنا مقام بنا چکے ہیں۔ چیف منسٹر سے ملاقات کے دوران فلم انڈسٹری کی ترقی کے علاوہ تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے فلم انڈسٹری کی حوصلہ افزائی پر بات چیت ہوئی۔ ان کے ہمراہ فلم پروڈیوسر سوپنا دت اور دوسرے موجود تھے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سلمان کو تہنیت پیش کی۔ انہوں نے سلمان کی فنکارانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کامیاب تلگو فلموں پر مبارکباد پیش کی۔ دلقر سلمان فی الوقت 1950 کے پس منظر پر تیار کی جانے والی فلم ’’کانت‘‘ میں مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔ فلم کے ہدایت کار سلوامنی سیلوراج ہیں۔ فلم کی مشترکہ پروڈکشن میں رانا دگوباٹی اور پرشانت پٹلوری اور دوسرے شریک ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت تلگو فلم انڈسٹری کے فروغ کے لئے کئی اقدامات کررہی ہے اور بالی ووڈ کی اہم شخصیتوں نے فلم اسٹوڈیوز کے قیام میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ 1