قاہرہ ۔ 8 نومبر (ایجنسیز) مصر میں دو ٹرینوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجہ میں کم از کم 7 افراد جاں بحق اور 150 زخمی ہو گئے۔مصری میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک کی نیشنل ریلوے اتھارٹی نے بتایا کہ یہ حادثہ گیزا گورنریٹ کے جنوب میں واقع علاقے العیات میں، کفر عمار اور الرقہ ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان پیش آیا۔اس حادثہ میں مسافر ٹرین کی چار بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ میڈیا نے بتایا کہ کم از کم 150 افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ریلوے اتھارٹی نے بتایا کہ گیزا سے فیوم جانے والی ٹرین نمبر 134 اور قاہرہ سے اسوان جانے والی ٹرین نمبر 2010 کے پچھلے حصے سے ٹکرا گئی۔حادثہ کے اثرات سے نمٹنے اور ریلوے سروسز کو بحال کرنے کیلئے ہنگامی امدادی ٹیمیں اور کرینیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں۔مصر کے وزیرصحت و آبادی، خالد عبدالغفار نے جیزہ اور بنی سویف گورنریٹس (صوبوں) کے ہاسپٹلس کو ہدایت کی ہے کہ وہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کیلئے اپنی تیاریوں کو مزید بڑھا دیں۔ پراسیکیوٹر جنرل نے بھی جائے وقوعہ پر ایک تحقیقاتی ٹیم بھیجی ہے تاکہ تصادم کی وجہ کا پتہ چلایا جاسکے اور متاثرین کی تعداد اور نقصان کی نوعیت کا اندازہ لگایا جا سکے۔