حیدرآباد میٹرو ریل کے 9 سال مکمل، مسافروں کی تعداد 94.2 کروڑ سے تجاوز

   

مسافروں کی سہولت کے لیے 60 نئے کوچس کی خریداری، میٹرو و آر ٹی سی کا مشترکہ پاس جاری
حیدرآباد، 28 نومبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو ریل نے اپنے شاندار سفر کے 9 سال مکمل کر لیے ہیں اور اس دوران میٹرو میں سفر کرنے والوں کی مجموعی تعداد 94.2 کروڑ (تقریباً ایک ارب) تک پہنچ گئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق میٹرو ٹرینوں میں روزانہ اوسطاً ساڑھے چار لاکھ مسافر سفر کر رہے ہیںجبکہ بعض ایام میں یومیہ مسافروں کی تعداد 5.20 لاکھ کی ریکارڈ سطح تک بھی پہنچی ہے۔مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سال میٹرو اور آر ٹی سی کا مشترکہ (کامن) پاس متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت ماہانہ پاس 4,000 روپے اور یومیہ پاس 275 روپے میں دستیاب کرایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ حیدرآباد میٹرو کی جانب سے دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (DMRC) کے ذریعہ 60 نئے کوچس کی خریداری کیلئے ٹنڈرس طلب کیے ہیں، جن کی شمولیت آئندہ دو سالوں میں متوقع ہے۔واضح رہے کہ سال 2020 میں کووڈ۔19 لاک ڈاؤن کے باعث میٹرو خدمات 169 دنوں تک معطل رہنے سے شدید دھچکا لگا تھا۔ لاک ڈاؤن سے قبل یومیہ اوسطاً 5 لاکھ افراد سفر کرتے تھے، تاہم تمام تر چیالنجس پر قابو پاتے ہوئے میٹرو انتظامیہ اس وقت دستیاب 57 ٹرینوں کے ذریعہ شہر کے لاکھوں مسافروں کو تیز رفتار اور آرام دہ سفری سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ 2