حیدرآباد ۔ 31 مئی (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ساوتھ ایسٹ زون ٹیم نے بنڈلہ گوڑہ پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں ایک نوجوان کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے میفاٹرمائن انجکشن، موٹر سائیکل اور موبائل فون کو ضبط کرلیا۔ پولیس کے مطابق 30 سالہ عبدالجبران انصاری جو پیشہ سے ویلڈنگ کا کام کرتا ہے، محمد نگر بنڈلہ گوڑہ کا ساکن بتایا گیا ہے۔ جبران اس خطرناک میفاٹرمائن سلفیٹ انجکشن کو فروخت کررہا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ جبران گروگرام ہریانہ کے ساکن ساچندر پرساد سے انجکشن کی خریداری کررہا تھا اور بذریعہ ٹرانسپورٹ میفاٹرمائن کو حاصل کیا جارہا ہے۔ جبران اس انجکشن کو حیدرآباد میں فروخت کررہا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ میفاٹرمائن کے استعمال سے انسانی صحت متاثر ہوتی ہے اور بغیر ڈاکٹرس کے مشورے کے اس کو استعمال نہیں کیا جاسکتا ۔ اس میفائر مائین انجکشن کے استعمال سے قلبی امراض لاحق ہوتے ہیں۔ دل کا دورہ پڑنے کے علاوہ خون کی دوران میں تیزی پیدا ہوتے ہوئے ہائی بلڈپریشر اور اس کے مضراثرات سے امراض قلب کی کئی بیماریاں لاحق ہوسکتی ہیں اور اچانک دل کا دورہ پڑ سکتا ہے۔ پولیس نے جبران کے قبضہ سے انجکشن کو ضبط کرلیا۔ع