حکومت کی ہدایت پر عہدیداروں نے رپورٹ تیار کی، بجٹ مختص کرنے کا جائزہ
حیدرآباد 28 جنوری (سیاست نیوز) کانگریس حکومت نے وعدے کے مطابق گھریلو برقی صارفین کو ماہانہ 200 یونٹ تک مفت برقی سربراہ کرنے کے وعدے کو پورا کرنے کے لئے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے اور عہدیداروں کو رپورٹ تیار کرنے کی بھی ہدایت دے دی ہے۔ حکومت کی گرہا جیوتی اسکیم کے متعلق محکمہ برقی کے عہدیداروں نے تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ایک رپورٹ تیار کیا ہے جس میں مالیاتی سال 2024-25 ء میں 17,102 کروڑ روپئے حکومت کی جانب سے سبسیڈی دینے کی تجویز تیار کی ہے جس میں نادرن ڈسکام (NPDCL-Warangal) کو 14,048 کروڑ روپئے دینے ہوں گے۔ فی الحال ڈسکامس کو سالانہ 11,500 کروڑ روپئے دیئے جارہے ہیں جس کے لئے ماہانہ 958 کروڑ روپئے جاری کئے جارہے ہیں۔ حکومت نے حال ہی میں ایک وائٹ پیپر جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ڈسکامس ہر ماہ 1,386 کروڑ روپئے کے نقصان میں چل رہا ہے۔ مراعات حاصل کرنے والے صارفین کی فہرست میں گروہا جیوتی صارفین کو بھی شامل کیا جارہا ہے۔ رپورٹ میں پتہ چلا انھیں اس فہرست میں شامل کرنے پر سالانہ 3481 کروڑ کے زیادہ مصارف ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے۔ محکمہ برقی نے تجویز پیش کی ہے کہ ڈسکامس اس وقت ہی باقاعدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتا ہے جب انھیں سالانہ 17,102 کروڑ روپئے بطور سبسیڈی فراہم کئے جائیں۔ بجٹ میں اس تجویز کو جوں کا توں قبول کیا جائے گا یا اس میں کوئی کٹوتی کی جاتی ہے۔ بہت جلد اس کی وضاحت ہوجائے گی۔ حکومت نے 6 گیارنٹی میں گروہا لکشمی اسکیم کو اہم اسکیم تصور کررہی ہے۔ اخراجات کے بارے میں جب تفصیلات طلب کی گئی تو ڈسکامس نے 3,431 کروڑ روپئے تک اخراجات ہونے کی حکومت کو رپورٹ پیش کی ہے۔ ای آر سی کو ڈسکامس کی جانب سے پیش کی گئی سالانہ ریونیو ضرورت رپورٹ 2023-24 کے فارم 12 کے مطابق ریاست میں گھریلو برقی کنکشن کی تعداد 1.2 کروڑ ہے۔ ان میں سے 1.05 کروڑ کنکشنس ماہانہ 200 یونٹس سے کم برقی استعمال کرتے ہیں۔ ان میں سے کچھ 0-50 یونٹس مزید چند لوگ 51-100 یونٹس اور چند لوگ 101-200 یونٹس برقی استعمال کرتے ہیں انھیں تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ 2