ملک میں الیکشن کمیشن یرغمال ‘ ووٹ چوری کے ذریعہ اقتدار کا حصول

   

مرکزی حکومت پر تنقید ۔ اندرا پارک پر مختلف تنظیموں کا دھرنا ‘ اداکار پرکاش راج ‘ شبنم ہاشمی ‘ اے مرلی اور دیگر کی شرکت

حیدرآباد 4 اکٹوبر (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن کے خلاف شہر حیدرآباد میں احتجاجی مظاہرہ کے دوران کئی سرکردہ تنظیموں کے ذمہ داروں نے گیانیش کمار کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ملک میں الیکشن کمیشن کو یرغمال بنایا جاچکا ہے اور ووٹ چوری کے ذریعہ اقتدار پانے کے بعد اب شہریوں کو حق رائے دہی سے محروم کیا جارہا ہے ۔ ہفتہ کو اندرا پارک دھرنا چوک پر احتجاجی مظاہرہ میں فلم اداکار پرکاش راج ‘ ممتاز سماجی جہدکار محترمہ شبنم ہاشمی ‘ اے مرلی ریٹائرڈ آئی اے ایس ‘ پروفیسر پدمجا شاہ‘ محترمہ روبینہ خان‘ محترمہ خالدہ پروین ‘ محترمہ سارہ میتھیوز‘ مسٹر جلال ‘ محترمہ سجایا‘ محترمہ ماریہ تبسم و دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ سینکڑوں مظاہرین نے الیکشن کمیشن میں دھاندلیوں کے علاوہ SIRکے خلاف اظہار خیال کیا اور کہا کہ ملک بھر میں الیکشن کمیشن کی حقیقت عوام کے سامنے آچکی ہے اس کے باوجود بھی اب تک حکومت یا الیکشن کمیشن سے ردعمل ظاہر کرنے کی بجائے سوال پوچھنے والوں کو دھمکایا جارہاہے اور انہیں خوفزدہ کرنے کی کوشش کی جار ہی ہے۔ مسٹر اے مرلی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہندستان میں جمہوریت کے تحفظ کیلئے یہ لازمی ہے کہ رائے دہی کے عمل کو شفاف رکھا جائے لیکن فرقہ پرست طاقتیں اب رائے دہی کے عمل کو ہی یرغمال بناکر اقتدار حاصل کرنے لگی ہیں اور اب SIRکے نام پر اقلیتی رائے دہندوں بالخصوص مسلم رائے دہندوں کے ناموں کو حذف کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ مظاہرہ کے دوران نوجوانوں کے گروپس نے اپنی پینٹنگ اور کلاکاری کے مظاہرہ کرکے وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے کارٹون بنائے علاوہ ازیں گیانیش کمار کے استعفیٰ کا مطالبہ کرکے پوسٹرس تیار کئے ۔ مظاہرہ میں پرکاش راج نے کہا کہ مرکزی حکومت بے شرمی پر اتر آئی ہے اور اس بے شرمی میں ان کا ساتھ دینے والوں کو بھی عوام معاف نہیں کریں گے۔ انہو ںنے بتایا کہ پڑوسی آندھراپردیش میں این ڈی اے کی حلیف سیاسی جماعتیں جو بی جے پی کے ساتھ اقتدار کے مزے لوٹ رہی ہیں انہیں الیکشن کمیشن میں دھاندلیوں کے متعلق واقف ہونے کے بعد اتحاد میں شامل رہنے پر شرم آنی چاہئے کیونکہ الیکشن کمیشن کو یرغمال بنانا درحقیقت ملک میں جمہوری نظام کو یرغمال بناکر آمریت کو فروغ دینے کے مترادف ہے۔ مظاہرہ کے شرکاء نے پولیس کی جانب سے وقت سے قبل مظاہرہ کو ختم کروانے کی کوشش پر اعتراض کیاگیا ۔3