ایک سال میں 6 لاکھ ٹن سے زائد کی پیداوار، تریپورہ، کرناٹک اور آسام میں ربر انڈسٹری کو نمایاں ترقی
حیدرآباد 11 اگست (سیاست نیوز) ملک میں ربر کی پیداوار میں کیرالا کو سبقت حاصل ہے۔ جاریہ سال کیرالا میں 609600 ٹن ربر کی پیداوار ریکارڈ کی گئی۔ صنعتی اداروں میں ربر کی مختلف اقسام کا استعمال کیا جاتا ہے اور مختلف مشنریز میں ربر کے استعمال کے نتیجہ میں صنعتی ترقی سے متعلق ریاستوں میں اس کی زیادہ مانگ ہے۔ ربر کی پیداوار میں ملک کی 10 ریاستوں کی نشاندہی کی گئی جن میں کیرالا سرفہرست ہے۔ تریپورہ91500 ٹن پیداوار کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر ہے جبکہ کرناٹک میں 52780 ٹن ربر کی پیداوار ریکارڈ کی گئی۔ آسام 46500 ٹن کے ساتھ ملک میں چوتھے نمبر پر ہے جبکہ ٹاملناڈو کو 23900 ٹن پیداوار کے ساتھ پانچواں مقام حاصل ہوا ہے۔ ربر کی پیداوار میں نمایاں ریاستوں میں میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور گوا شامل ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ملک کی بیشتر چھوٹی ریاستوں میں ربر انڈسٹری نے غیرمعمولی ترقی حاصل کی ہے۔ شمالی اور شمال مشرقی ریاستوں میں ربر انڈسٹری کو غیرمعمولی ترجیح حاصل ہے اور مقامی افراد کا ماننا ہے کہ ربر انڈسٹری نے نہ صرف صنعتی ضرورتوں کی تکمیل کی ہے بلکہ مقامی افراد کے لئے روزگار کے مواقع فراہم کئے ہیں۔ علاقائی سطح پر ربر کی پیداوار میں وقفہ وقفہ سے تبدیلی کا رجحان دیکھا گیا ہے۔ مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع کے ذریعہ حوصلہ افزائی میں حکومتوں نے بھی اہم رول ادا کیا ہے۔ ربر انڈسٹری کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک صنعت بنانے کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔V/1/k/b