ملک میں کورونا کے 3961 فعال معاملے ، 24 گھنٹوں میں چار اموات

   

نئی دہلی۔ 2 جون (یو این آئی) ملک بھر میں کورونا انفیکشن کے معاملات میں اضافہ ہو رہا ہے ، پیر کی صبح تک فعال معاملوں کی کل تعداد 3961 تک پہنچ گئی۔ پچھلے 24 گھنٹوں میں اس انفیکشن کی وجہ سے چار مریضوں کی موت ہوئی ہے ۔ صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی طرف سے آج صبح 8.30 بجے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، ملک میں کل 3961 فعال معاملے ہیں۔ اب تک 2188 مریضوں کو صحت یاب ہونے کے بعد اسپتال سے چھٹی دی جاچکی ہے اور یکم جنوری سے اب تک 32 افراد کی موت ہو چکی ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا انفیکشن کے 203 ایکٹیو معاملے سامنے آئے ہیں اور 370 مریضوں کو صحت یاب ہونے کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے لیکن اس دوران چار افراد زندگی کی لڑائی ہار گئے ۔ قومی دارالحکومت کے علاوہ مہاراشٹر، تمل ناڈو اور کیرالہ میں ایک ایک مریض کی کورونا سے موت ہوئی ہے ۔ وزارت صحت نے کہا ہے کہ کووڈ انفیکشن کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے ۔ وزارت نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے اور لوگوں کو پرہجوم علاقوں میں ماسک کا استعمال کرنے اور کورونا سے محتاط رہنے کی ضرورت ہے ۔