کانگریس امیدوار شیخ اکبر کی مہم عروج پر، ترقی اور روزگار کے وعدوں کو عوامی تائید
حیدرآباد ۔27۔نومبر (سیاست نیوز) حیدرآباد لوک سبھا حلقہ کے ملک پیٹ اسمبلی حلقہ میں اس مرتبہ اسمبلی چناؤ کا نتیجہ چونکا دینے والا ہوسکتا ہے۔ کانگریس نے پہلی مرتبہ اس حلقہ میں مضبوط امیدوار کو ٹکٹ دے کر انتخابی مہم پر اپنی طاقت جھونک دی ہے جس کا مثبت اثر دکھائی دے رہا ہے ۔ تلنگانہ ریاست کی طرح ملک پیٹ اسمبلی حلقہ میں رائے دہندے بالخصوص نوجوان تبدیلی چاہتے ہیں جس کا اندازہ کانگریس کی انتخابی مہم اور عام جلسوں سے ہورہا ہے۔ کانگریس امیدوار شیخ اکبر کی انتخابی مہم میں کانگریس کے کئی سرکردہ قائدین حصہ لے رہے ہیں اور روزانہ انتخابی جلسوں کے ذریعہ عوام تک کانگریس کی اسکیمات کو پیش کیا جارہا ہے۔ ابتداء میں حلقہ کے قدیم کانگریس قائدین انتخابی مہم سے دور رہے لیکن عوام میں تبدیلی کو دیکھتے ہوئے انہوں نے انتخابی مہم میں شمولیت اختیار کرلی ۔ شیخ اکبر ترقی کے ایجنڈہ کے ساتھ عوام سے رجوع ہورہے ہیں اور انہوں نے ملک پیٹ اسمبلی حلقہ کو پسماندگی سے نجات دلانے کا عہد کیا ہے۔ کانگریس کے رکن راجیہ سبھا عمران پرتاپ گڑھی نے ملک پیٹ کے انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں میں نیا جوش و جذبہ پیدا کیا ہے۔ ملک پیٹ میں پہلی مرتبہ کانگریس کی لہر کو دیکھتے ہوئے مقامی قیادت نے انتخابی مہم کے نئے حربے استعمال کرنے شروع کردیئے ہیں۔ کانگریس کی انتخابی مہم کو روکنے اور کیڈر کو ہراساں کرنے کیلئے پولیس کا استعمال کیا جارہا ہے ۔ سی پی آئی ، تحریک مسلم شبان ، جمیعۃ علمائے ہند اور دیگر کئی مسلم تنظیموں نے کانگریس امیدوار شیخ اکبر کی تائید کا اعلان کیا ہے ۔ سابق رکن راجیہ سبھا اور سی پی آئی کے قومی سکریٹری سید عزیز پاشاہ کا کہنا ہے کہ سی پی آئی کیڈر انتخابی مہم میں سرگرمی سے حصہ لے رہا ہے اور اس مرتبہ ملک پیٹ کا نتیجہ کانگریس کے حق میں ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلسی قیادت نے علاقہ کے بنیادی مسائل کی یکسوئی پر کوئی توجہ نہیں دی ہے جس کا اثر کانگریس کی انتخابی مہم میں دیکھا جاسکتا ہے۔ کانگریس امیدوار شیخ اکبر نے وعدہ کیا کہ وہ حلقہ کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے نئی صنعتیں اور ادارے قائم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی رابطہ مہم کے دوران عوام کی مکمل تائید حاصل ہوئی ہے ۔ ملک پیٹ اسمبلی حلقہ میں کئی مذہبی ادارے اور تنظیموں کے مراکز ہیں اور مذہبی تنظیموں نے کانگریس امیدوار کی تائید کا یقین دلایا ہے ۔ اب جبکہ انتخابی مہم کے اختتام کو محض چند گھنٹے باقی ہیں، لہذا کانگریس قائدین کو یقین ہے کہ اضلاع کی طرح ملک پیٹ اسمبلی حلقہ میں رائے عامہ کانگریس کے حق میں رہے گی اور 30 نومبر کو رائے دہی کے ذریعہ عوام کانگریس امیدوار کو منتخب کریں گے۔