ممتا بنرجی کا پورا دن سڑکوں پر گزارنے کا عزم

   

کولکاتہ، 29 اپریل (یو این آئی) مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پولنگ کے دن بدھ کی صبح ہی گھر سے نکل آئیں اور اعلان کیا کہ وہ انتخابی عمل کی نگرانی کے لیے وزیر اعلیٰ کے طور پر نہیں بلکہ بھوانی پور سے ترنمول کانگریس کی امیدوار کے طور پر پورا دن سڑکوں پر گزاریں گی۔ سبکدوش ہونے والے وزیر اور پارٹی امیدوار فرہاد حکیم کی رہائش گاہ پر دیر رات مرکزی فورسز اور پولیس مبصر کے چھاپے پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے محترمہ بنرجی نے الیکشن کمیشن کے کردار پر سوال اٹھائے اور اور ڈرانے دھمکانے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ بوبی (فرہاد حکیم) کی بیوی گھر پر تھیں اور وہ آدھی رات کو دروازہ کھٹکھٹا رہے تھے ۔ خواتین خوفزدہ تھیں۔ پولنگ کے دوسرے مرحلے میں سبھی کی نظریں بھوانی پور پر ٹکی ہیں، جہاں محترمہ بنرجی کا مقابلہ سبھیندو ادھیکاری سے ہے ۔ دونوں لیڈروں نے اپنے دن کا آغاز جلد کیا اور پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔
محترمہ بنرجی نے صبح اپنی کالی گھاٹ رہائش گاہ سے نکل کر پدما پوکر روڈ کی طرف جانے سے پہلے چیتلا علاقہ کا دورہ کیا۔ وہ کئی بوتھوں پر رکیں اور ایک بوتھ کا معائنہ کرنے کے لیے اپنی کار سے باہر بھی نکلیں۔ تاہم، مسٹر ادھیکاری نے ان کے صبح صبح باہر نکلنے پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ انہیں دباؤ میں ایسا کرنے کے لیے مجبور ہونا پڑا ہے ۔
چیتلہ کے اپنے دورے کے دوران، محترمہ بنرجی نے مسٹر حکیم سے ملاقات کی اور بعد میں میڈیا کو بتایا کہ وہ پورے دن اپنے حلقے میں رہیں گی اور ایک کے بعد ایک بوتھوں کا دورہ کریں گی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ریاست سے باہر کے مبصرین بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ہدایت پر کام کر رہے ہیں اور سوال کیا کہ کیا ایسے حالات میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنایا جا سکتا ہے ۔