ممنوعہ فہرست میں شامل اراضیات پر دعوؤں کی عاجلانہ یکسوئی کی ہدایت

   

اراضی کے دعویدار فکرمند نہ ہوں، وزیر مال سرینواس ریڈی کا اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد 11 اگست (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے کہاکہ محکمہ مال کی ممنوعہ فہرست میں شامل اراضیات کے بارے میں متعلقہ افراد کو فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں۔ حکومت قانونی طور پر ملکیت کے حامل افراد کے ساتھ مکمل انصاف کرے گی۔ محکمہ مال کے اراضی پورٹل پر سیکشن 22A کے تحت جن اراضیات کو شامل کیا گیا اُن کا رجسٹریشن نہیں کیا جاسکتا۔ عہدیداروں نے انڈومنٹ، وقف، سرکاری، اسائینڈ اور دیگر اراضیات کو اِس فہرست میں شامل کرتے ہوئے رجسٹریشن پر پابندی عائد کردی ہے۔ ممنوعہ اراضی کی فہرست میں شامل اراضیات سے متعلق دعوؤں کی سماعت کی جارہی ہے۔ سرینواس ریڈی نے واضح کیاکہ حکومت نے ممنوعہ فہرست میں کوئی نئی اراضی شامل نہیں کی ہے بلکہ سابق حکومت کے دور میں شامل کی گئی اراضیات ابھی بھی برقرار ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت دعویداروں کے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے اور اُن کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ریاست میں اراضیات کی تفصیلات 14 اگست سے قبل ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردی جائیں۔ اُنھوں نے کہاکہ سب رجسٹرارس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فرضی اور جعلی دستاویزات کی نشاندہی کریں۔ وزیر مال نے سیکشن 28A کے مسئلہ پر حیدرآباد، رنگاریڈی، ملکاجگری اور سنگاریڈی کے کلکٹرس اور ڈسٹرکٹ سب رجسٹرارس کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ پرجاوانی پروگرام میں ممنوعہ اراضیات سے متعلق جو درخواستیں موصول ہوئی ہیں اُن کی عاجلانہ یکسوئی کی ہدایت دی گئی۔ حکومت نے درخواستوں کی اندرون 45 یوم یکسوئی کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ ضلع کلکٹرس سے کہا گیا ہے کہ وہ اجلاس کے فیصلوں سے سب رجسٹرارس کو واقف کرائیں۔ اِس موقع پر سکریٹری ریونیو ڈی ایس لوکیش کمار، آئی جی اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن راجیو گاندھی ہنومنت اور دوسروں نے شرکت کی۔V/1