بھتیجہ کی شادی کا دعوت نامہ حوالے کیا، پارٹی حلقوں میں گھر واپسی کی قیاس آرائی
حیدرآباد۔/12 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون سازاسمبلی کے احاطہ میں آج اس وقت دلچسپ منظر دیکھا گیا جب بی آر ایس کے منحرف رکن جی مہیپال ریڈی اچانک بی آر ایس سربراہ کے سی آر کے چیمبر میں داخل ہوئے اور ملاقات کی۔ مہیپال ریڈی جو پٹن چیرو اسمبلی حلقہ سے منتخب ہوئے ہیں حال ہی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ ان کے خلاف بی آر ایس کی جانب سے دائر کردہ مقدمہ سپریم کورٹ میں زیر دوران ہے۔ کے سی آر اپنے چیمبر میں پارٹی ارکان کے ساتھ بات چیت کررہے تھے کہ مہیپال ریڈی چیمبر میں داخل ہوئے اور کے سی آر سے مصافحہ کرتے ہوئے ایک دعوت نامہ حوالے کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مہیپال ریڈی نے اپنے بھتیجہ کی شادی میں شرکت کی کے سی آر کو دعوت دی ہے۔ اس ملاقات کا مقصد بظاہر شادی کی تقریب میں مدعو کرنا ہے لیکن بی آر ایس حلقوں کے مطابق مہیپال ریڈی گھر واپسی کا راستہ تلاش کررہے ہیں۔ کے سی آر کو گھر واپسی کیلئے راضی کرنے کی کوششوں کے حصہ کے طور پر شادی کے دعوت نامہ کے بہانے یہ ملاقات کی گئی۔ مہیپال ریڈی نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد بعض مواقع پر کانگریس قائدین سے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا جس کے بعد ان کی گھر واپسی کی اطلاع گشت کرنے لگی۔ بتایا جاتا ہے کہ مہیپال ریڈی پٹن چیرو میں کانگریس قائدین کی مخالفت سے خوش نہیں ہیں۔ پارٹی میں شمولیت کے باوجود مقامی کانگریس قائدین اور کارکن انہیں تسلیم کرنے سے انکار کررہے ہیں۔1