موجودہ حکومت لوگوں کی امیدوں پر کھری نہیں اتری : محبوبہ مفتی

   

سری نگر: پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے حکومت پر جموں وکشمیر کے لوگوں کے مشکلات کو دور کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں کو جو موجودہ حکومت سے امیدیں تھیں وہ پوری نہیں ہوئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کے لوگوں کی خاموشی کو نارملسی نہیں سمجھا جانا چاہئے۔پی ڈی پی صدر نے ان باتوں کا اظہار اتوار کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ لوگوں کو امید تھی کہ موجودہ سرکار ان کے مشکلات کو دور کرے گی لیکن ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔ان کا کہنا تھاکہ کل جو سرکاری ملازم بر طرف کئے گئے ان میں سے ایک پولیس اہلکار فردوس احمد تھا جس کو ملی ٹنٹوں نے زخمی کر دیا تھا اور وہ یہاں قمر واری علاقے میں رہائش پذیر تھا اپنے گھر نہیں جا رہا تھا’۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ جو لوگوں کو امید تھی کہ تبدیلی آئے گی ایسا نہیں ہوا ہے ۔انہوں نے کہاکہ عمر عبداللہ صاحب سے میری گذارش ہے کہ آپ کو لوگوں نے اعتماد دیا ہے جو فیصلے سال 2019 میں غیر آئینی طور پر لئے گئے کہیں اسمبلی بزنس رولز جس کی کمیٹی میں آپ نے پی ڈی پی، سجاد لون اور انجینئر رشید کو نہیں لیا بلکہ بی جے پی کو لیا،اس فیصلہ پر آپ مہر نہ لگائیں۔