مودی آج انڈیا انرجی ویک کا افتتاح کریں گے

   

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی منگل کو گوا میں انڈیا انرجی ویک کا افتتاح اورمختلف ترقیاتی پروجیکٹس کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ گوا میں 6 سے 9 فروری تک انڈیا انرجی ویک۔ 2024 کا انعقاد کیاجارہا ہے ۔ وزیر اعظم کے دفتر کی طرف سے پیر کو جاری ایک بیان کے مطابق، پروگرام کے دوران وزیر اعظم مودی عالمی تیل اور گیس کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای او) اور ماہرین کے ساتھ ایک گول میز میٹنگ کریں گے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ انڈیا انرجی ویک سب سے بڑی اور واحد توانائی کی نمائش اور کانفرنس ہے جو پوری توانائی کی قدر کے سلسلے کو اکٹھا کرے گی اور ملک کے توانائی کے اہداف کے لیے ایک محرک کے طور پر کام کرے گی۔ پروگرام میں مختلف ممالک کے تقریباً 17 توانائی کے وزراء سمیت تقریباً 35000 افراد شریک ہوں گے ۔ اس موقع پر چھ اہم ممالک کناڈا، جرمنی، نیدرلینڈ، روس، برطانیہ اور امریکہ کے پویلین ہوں گے ۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک خصوصی میک ان انڈیا پویلین بھی قائم کیا جا رہا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ گوا کے اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم وکست بھارت۔ وکست گوا۔2047 کے تحت 1330 کروڑ روپے کے مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔
ان میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی گوا کا مستقل کیمپس، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف واٹر اسپورٹس کا نیا کیمپس اور جنوبی گوا میں 100 ٹی پی ڈی انٹیگریٹڈ ویسٹ مینجمنٹ کی سہولت شامل ہے ۔ وزیر اعظم پنجی اور ریس ماگوس کو جوڑنے والی سیاحتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ مسافر روپ وے اور جنوبی گوا میں 100 ایم ایل ڈی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے ۔