روش کمار
ہندوستان میں 2014ء کے بعد سے زندگی کا ہر شعبہ متاثر ہوا ہے خاص طور پر مہنگائی اور بیروزگاری کی شرح میں خطرناک حدتک اضافہ ہوا جبکہ مہنگائی کی طرح نفرت کو بھی بڑی تیزی کے ساتھ پھیلایا گیا۔ اسے فروغ دیکر ملک کی گنگاجمنی تہذیب پر کاری ضرب لگائی گئی۔ اس کے باوجود ہمیں امید ہے کہ ہندوستان اور ہندوستانی عوام اپنے دشمنوں کے ناپاک عزائم سے محفوظ رہیں گے۔ بہرحال اب لوگ خوف کے خول سے باہر نکل کر یہ شکایت کرنے لگے ہیں کہ مہنگائی نے ان کی حالت خراب کر رکھی ہے۔ آسان نہیں ہے کہ اچھے خاصے کماتے لوگوںکا انگریزی اخبار سے کہنا کہ پہلے ایک ساتھ 20 بیس کلو چاول آٹا اور دال خرید پاتے تھے لیکن اب مہنگائی اس قدر بڑھ گئی ہے کہ ایک ساتھ 5 کیلو چاول آٹا دال ہی خرید پاتے ہیں۔ ٹائمز آف انڈیا میں مہنگائی کے بارے میں شائع رپورٹ اس طبقہ کی بات کررہی ہے جس کے بارے میں لگتا ہے کہ اس کی کمائی مہنگائی سے بچا لیتی ہے۔ مہنگائی اب اس کی بھی کمائی کھانے لگی ہے۔ شاید ہی ایسی رپورٹ ہم نے کبھی دیکھی ہو جس میں پیسے والے لوگ مہنگائی سے اپنی پریشانی انگریزی اخبار کے صحافیوں بھاویکا جین اور بنسری شاہ سے بتارہے ہوں۔ مہنگائی کا چہرہ اب تک غریبوں کا ہوتا تھا یہ نیا چہرہ ہے جو آپ دیکھ رہے ہیں۔ ایک ایسے دور میں جب میڈیا اور سوشل میڈیا یں اوپنین اپر میڈل کلاس کے کہنے سے بنتا ہے لکھنے سے بنتا ہے عام طور پر یہ کلاس مہنگائی کو لیکر چپ یا خاموش نظر آتی ہے ہوسکتا ہے کہ اسے لگتا ہو کہ کسی سے کہے گا کون یقین کرے گا۔ میڈیا تو کیا غرب کیا امیر مہنگائی کے مسئلہ کو اب ہاتھ بھی نہیں لگاتے بہت کم ہاتھ لگاتے ہیں اگر اپر مڈل کلاس اور متوسط طبقہ اپنی بات کہنے لگ جائیں۔ انسٹاگرام سے لیکر ایکس پر لکھنے لگ جائیں مہنگائی کی چرچا کا دائرہ بدل جائے گا۔ 75 ہزار سے لیکر 2 لاکھ ماہانہ کمانے والا طبقہ بھی اس بڑھتی مہنگائی سے پریشان ہے۔ دکان جاکر لوٹ آتا ہے تب سوچئے 15 سے 30 ہزار کے درمیان کمانے والوں کی کیا حالت ہوگئی ہوگی۔ 5 سال میں ہفتہ کے راشن کا بجٹ دگنا ہوگیا۔ ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ بتارہی ہے پچھلے سال چار لوگوں کا ایک خاندان ہر ماہ راشن پر 25 ہزار روپئے خرچ کررہا تھا اس سال ہر ماہ اس کا خرچ بڑھ کر35 ہزار ہوگیا ہے۔ کہیں کہیں 40 ہزار بھی لکھا ہے۔ سال کے حساب سے 50 ہزار سے لیکر 1.20 لاکھ کا خرچ بڑھ جاتا ہے۔ مٹن چکن کھانے والے خاندانوں پر بوجھ بہت زیادہ بڑھ گیا ہے۔ ایک درجن انڈے 81 سے بڑھ کر 86 روپئے کے ہوگئے اور دیسی گھی 674 سے بڑھ کر 716 روپئے فی کیلو ہوگیا۔ سبزی خور خاندان بھی مصیبت میں ہے۔ دودھ، دہی، پنیر، بٹر اور سبزیاں بھی مہنگی ہوگئی ہیں۔ چینی 47 روپئے سے بڑھ کر 61 روپئے فی کیلو ہوگئی ہے۔ 30 فیصد سے زیادہ مہنگی تور کی دال 116 روپئے سے بڑھ کر 136 روپئے فی کلو پر پہنچ گئی ہے جو قریب 17.5 فیصد کا اضافہ ہے۔ اس کا اثر پروٹین پر بھی پڑا ہے۔ پروٹین سے بھرپور غذائی اشیاء دیکھیں تو ہر چیز مہنگی ہوگئی۔ ایتھنول کی وجہ سے آپ کی گاڑیوں کے پٹرول بل میں کوئی خاص فرق تو نہیں آیا الٹے شکر سے لیکر دودھ، انڈا، پنیر، مسکہ سب مہنگے ہوگئے۔ پولٹری اسوسی ایشن کی مانگ ہے کہ مکئی کی درآمد پر ٹیکس گھٹادیا جائے۔ مرغیوں کو دانہ دینا مہنگا پڑ رہا ہے۔ آپ کے گھر جو دودھ دینے آتا ہے اسی سے پوچھ لیجئے گا کہ چارہ کتنا مہنگا ہوگیا ہے۔ ہر آدمی خسارہ برداشت کررہا ہے۔ فروخت کرنے والے کا منافع سکڑتا جارہا ہے۔ خریدنے والے کی بچت ختم ہوتی جارہی ہے۔ بازار میں جائے، دکانداروں سے پوچھئے اپنا حال بتادیں گے بھلے میڈیا میں کہنے کی ان میں ہمت باقی نہیں رہی۔ حکومت کا ڈر مہنگائی سے بھی زیادہ ان کی ہڈیوں میں گھس گیا ہے اسی لئے حال بتا کر بھی کیمرے پر کہنے سے ڈر جاتے ہیں۔ پیسہ والا کلاس صرف آٹے، دال، انڈہ اور پنیر کی مہنگائی سے ہی پریشان نہیںہے۔ مہنگائی کا چاروں طر ف سے اس پر حملہ ہوا ہے۔ اس کیلئے فضائی سفر بھی ایک خواب ہوتا جارہا ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کی ٹیم نے 7 ماہ تک 54 ایرلائن روٹ کا جائزہ لیا تو پایا کہ اپریل سے نومبر کے درمیان 7 ماہ میں 51 روٹ پر فضائی ٹکٹ کی قیمت اوسطاً 37 فیصد تک بڑھ گئی ہے صرف 3 روٹ پر کم ہوئی مگر یہ وہ روٹ تھے جن پر ٹریفک سب سے کم رہتی ہے۔ اس وجہ سے اپریل سے ستمبر تک درمیانی فضائی سفر کے مسافرین کی تعداد میں 2.9 فیصد کی کمی آئی ہے۔ ان میں ڈومیسٹک یا گھریلو مسافرین کی تعداد میں 1.9 فیصد کی گراوٹ ہے۔ بین الاقوامی مسافرین کی تعداد میں 7.1 فیصد کی گراوٹ ہے۔ 24 نومبر کی شہری ہوابازی کی خدمات میں ستمبر کی بہ نسبت اکٹوبر میں پروازوں کی تعداد 13 فیصد بڑھادی اور سیٹوں کی تعداد بھی بڑھادی۔ ایر ٹربائین فیول 26 فیصد مہنگا ہوگیا اس کی وجہ سے بھی طیارہ کا کرایہ بڑھ گیا ہے۔ اس وجہ سے بھی لوگ طیاروں سے سفر کم کرنے لگے ہیں۔ اس مہنگائی سے پریشان رہا ہوگا وہ درخواست گذار جو درخواست لئے سپریم کورٹ پہنچ گیا کہ کبھی کبھی طیارہ کا کرایہ اچانک 700 فیصد تک بڑھ جاتا ہے اس پر روک لگنی چاہئے۔ اب چلتے ہیں پارلیمنٹ اجلاس کی طرف آخر پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے اختتام کا اعلان کیوں نہیں کیا جارہا ہے۔ کیا یہ اجلاس ختم نہیں ہوتی۔ حکومت اپوزیشن پر الزام عائد کرتی تھی کہ وہ پارلیمنٹ کی کارروائی میں بار بار خلل پیدا کررہی ہے۔ اب تو حکومت پر ہی یہ الزام لگ رہا ہے کہ وہ پارلیمنٹ اجلاس ہی طلب نہیں کرنا چاہتی۔ یہ اور بات ہے کہ اب 30 نومبر کو لوک سبھا اور 2 ڈسمبر کو راجیہ سبھا کا اجلاس بلایا گیا ہے۔ 2 نومبر کو امیت شاہ حیدرآباد میں اپوزیشن کو للکار رہے تھے کہ ایس آئی آر پر پارلیمنٹ میں آ کر بحث کرلیجئے۔ اب اپوزیشن حکومت سے پوچھ رہی ہے کہ اجلاس ہوگا یا نہیں؟ جب راہول گاندھی نے بحث کیلئے وزیراعظم نریندر مودی کو للکارا تو بی جے پی بحث کیلئے انہیں پارلیمنٹ میں آنے کی بات کرنے لگی۔ اب پارلیمنٹ اجلاس کا ہی پتہ نہیں۔ راہول گاندھی نے مودی کو Open Debate کا چیلنج کرتے ہوئے کہا تھا کہ کسی بھی اسٹیج پر آپ مقام کا انتخاب کیجئے میرے ساتھ بحث کیجئے ملک دشمن کون ہے، بیرونی طاقتوں سے کس کے تعلقات ہیں اور کس طرح کے تعلقات ہیں جلدی سے جلدی کیجئے ڈریئے مت! دونوں ملیں گے میڈیا ہوگی ملک کے نوجوان ہوں گے، ٹیبل ہوگا ایک طرف آپ بیٹھیں گے ایک طرف میں بیٹھوں گا۔ ایک بار پھر سے گھٹن بڑھنے لگی ہے بولنے والوں پر پھندا کسنے لگا ہے۔ 20 نومبر کو یوتھ کانگریس کے کارکنوں نے حیدرآباد کے سائبرآباد علاقہ میں میٹا کے خلاف احتجاج کیا۔ انتباہ دیا گیا کہ اندرون 7 دن تمام اکاونٹس پر عائد پابندی ہٹالی جائے ورنہ ملک بھر میں میٹا کے سارے دفاتر بند کروادیں گے۔ ایک اندازہ کے مطابق فیس بک نے 55 لاکھ سے زائد پوسٹ ہٹائے ہیں۔ کارٹونسٹ منجول کا پیج بھی ہندوستان میں دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ کہاں سے اتنی ہمت آئی ہے کہ کسی کا صفحہ بند کرکے اس کے پیٹ پر لات ماری جاتی ہے۔ بہار میں ٹائمز آف سواراج کا فیس بک صفحہ 7 دنوں کیلئے بند کردیا گیا۔ صحافی سنتوش کمار سنگھ نے بہار کو لیکر وزیراعظم کے پرانے اور ادھورے وعدوں پر ویڈیو بنایا ان کا صفحہ ہی بند کردیا گیا۔ نریندرمودی کارپوریٹ سے پوچھتے ہیں کہ نوکری کہاں ہے۔ تنخواہ کہاں ہے؟ ان سے سوال پوچھنے پر کسی کی نوکری چلی جاتی ہے کسی کا صفحہ بند ہوجاتا ہے یعنی کمائی بند ہوجاتی ہے اس کا جواب کیوں نہیں دیتے۔ کوئی نہ لکھ سکتا ہے یا کہیں جاکر کچھ کہہ سکتا ہے۔ آکسفورڈ یونین اور لندن اسکول آف اکنامکس میں بولنے جارہے سوروداس کو طیارہ میں بیٹھنے سے پہلے روک دیا گیا۔ اپنا ٹکٹ لیکر ایرپورٹ پر پہنچنے کے بعد سورو کو بتایا گیا کہ وہ لندن کا سفر نہیںکرسکتے۔ سورو سوال کرتے ہیں کہ مودی حکومت کو اتنا ڈر کیوں ہے کہ کوئی تعلیمیافتہ نوجوان، پڑھے لکھے اور دانشوروں کے درمیان جارہا ہے بات کررہا ہے۔ ویسے بھی مودی اور امیت شاہ پورے مانسون اجلاس سے غائب رہے تاکہ اپوزیشن کا سامنا کرنے سے بچ سکیں۔