نئی دہلی ۔ 6 اگست (سیاست نیوز ) وزیر اعظم نریندر مودی نے تلگودیشم سربراہ نارا چندرابابو نائیڈو کے ساتھ آج اکیلے میں ملاقات کی، جس کے بعد سیاسی حلقوں میں چہ میگوئیاں شروع ہوگئیں۔آزادی کا امرت مہوتسو کی قومی کمیٹی کا آج اجلاس منعقد ہوا جس میں مرکزی حکومت نے چندرابابو نائیڈو کو بھی مدعو کیا تھا۔ اجلاس میں شرکت کے بعد چندرابابو نائیڈو نے وزیراعظم مودی سے تقریباً پانچ منٹ تک اکیلے میں بات کی۔ اس موقع پر دونوں قائدین کے درمیان کن موضوعات پر بات ہوئی معلوم نہ ہوسکا۔واضح رہے کہ ملک کی آزادی کے 75 سال مکمل ہونے کے پس منظر میں مرکزی حکومت کی جانب سے آزادی کا امرت مہوتسو کا بڑے پیمانہ پر انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ چندرا بابو کو اس سلسلہ میں راشٹرپتی بھون میں منعقدہ قومی کمیٹی کے اجلاس کیلیے مدعو کیا گیا تھا۔مرکز کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو ہفتہ کی صبح دہلی پہنچے۔ راشٹرپتی بھون میں آج شام منعقدہ اجلاس میں ایک طویل عرصہ کے بعد مودی اور چندرا بابو نائیڈو ایک ساتھ اسٹیج پر نظر آئے۔ میٹنگ کے اختتام پر مودی نے چندرا بابو کے ساتھ نجی طور پر ملاقات کی جبکہ تمام شرکار اجلاس سے باہر جارہے تھے۔ چندرابابو نائیڈو این ڈی اے کا حصہ تھے۔ بعد میں وہ کرناٹک میں اسمبلی انتخابات سے قبل یو پی اے میں غیراعلانیہ طور پر شامل ہوئے لیکن پھر انہوں نے یو پی اے سے بھی دوری اختیار کرلی۔