انڈونیشیا میں 14 تا 16 نومبر چوٹی کانفرنس میں وزیر اعظم کی شرکت
نئی دہلی :وزیراعظم نریندر مودی اور برطانیہ کے ہندوستانی نژاد وزیراعظم رشی سونک کے درمیان پہلی اعلیٰ سطحی ملاقات اگلے ہفتے بالی میں ہونے کی توقع ہے۔ بالی میں دونوں قائدین جی 20 ممالک کی چوٹی کانفرنس میں حصہ لینے کے لیے انڈونیشیا میں ہوں گے۔ مودی کی برطانوی وزیر اعظم کے علاوہ فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون کے ساتھ دوطرفہ میٹنگ بھی طئے ہے۔ کچھ دوسرے ممالک کے سربراہان کے ساتھ بھی پی ایم کی ملاقات ہوگی۔ مودی ان دونوں عالمی قائدین کے علاوہ کچھ دوسرے ممالک کے لیڈروں سے بھی ملیں گے۔ اس کو لے کر ہندوستانی وزارت خارجہ کی بات چیت دوسرے ممالک کے ساتھ ہورہی ہے۔ مودی 14 سے 16 نومبر تک بالی چوٹی کانفرنس میں حصہ لیں گے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ہندوستان اور برطانیہ کے عہدیداروں کے درمیان مودی اور سونک بات چیت کو حتمی شکل دی جا چکی ہے۔ یہ پوچھے جانے پر کہ دونوں ممالک کے درمیان آزاد تجارتی سمجھوتے (ایف ٹی اے) کو لے کر بات چیت ہوگی یا نہیں؟ اس کے جواب میں ذرائع نے بتایا کہ دوطرفہ تعلقات سے جڑے تمام اہم امور پر بات ہوگی۔