مڈ ڈے میل اسکیم میں ذات کی بنیاد پر بلوں کی ادائیگی شرمناک

   

ریاستی حکومت کی پابندیوں کے خلاف 16 ستمبر کو بھوک ہڑتال کامیاب بنانے کی اپیل
میدک۔ 11 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سی آئی ٹی یو CITU کے ریاستی صدر چکّا راملو نے کہا کہ اسکولوں میں طلبہ کو فراہم کئے جانے والے مڈ ڈے میل کے بلوں کی ذات کی بنیاد پر تقسیم کرکے ادائیگی کرنا انتہائی افسوسناک اور شرمناک ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ذات کی بنیاد پر بلوں کی ادائیگی کے طریقہ کار کو فوری طور پر منسوخ کیا جائے۔جمعہ کے روز میدک کے کیول کشن بھون میں سی آئی ٹی یو کا ضلعی سطح کا وسیع اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے چکّا راملو نے کہا کہ بچوں کے کھانے کے بلوں کو ذاتوں کی بنیاد پر تقسیم کرنے سے طلبہ میں ذات پات کے اختلافات پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔ حکومت کو بچوں میں ذات پات سے پاک معاشرے کی سوچ پروان چڑھانے کی ضرورت ہے، لیکن اس طرح کے فیصلوں سے بچوں کے ذہنوں میں ذات پات کا زہر گھولنے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ مڈ ڈے میل کے بلوں کی ذات کی بنیاد پر ادائیگی کا نظام فوری طور پر ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے متعدد گرام پنچایتوں میں خدمات انجام دینے والے پنچایتی کارکنوں کو سرپنچوں اور پنچایت سکریٹریوں کی جانب سے ہراساں کیا جا رہا ہے، جو ناقابل قبول ہے۔ چکّا راملو نے کہا کہ ریاستی حکومت پرامن احتجاج کے جمہوری حق کو سلب کرتے ہوئے پابندیاں عائد کر رہی ہے۔ اس پس منظر میں 16 ستمبر کو سی آئی ٹی یو کی جانب سے ریلے بھوک ہڑتال کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ضلع کے مزدوروں سے اپیل کی کہ وہ کثیر تعداد میں شرکت کرتے ہوئے بھوک ہڑتال کو کامیاب بنائیں۔ اجلاس میں سی آئی ٹی یو ضلع صدر بالامنی، ضلع سکریٹری اے۔ ملیشم، ضلع خازن نرسماں، ضلع نائب صدور مہندر ریڈی اور ناگراج کے علاوہ قائدین گوریا، بابو اور دیگر نے شرکت کی۔