شملہ: ہماچل پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ بننے والے مکیش اگنی ہوتری صحافت سے سیاست تک کا سفر کرتے ہوئے اس عہدے تک پہنچے ہیں۔پنجاب کی سرحد سے متصل اونا ضلع کی ہرولی تحصیل کے گاؤں جے چند کے رہنے والے اگنی ہوتری پانچویں بار ایم ایل اے بنے ہیں۔ سیاست میں آنے کے بعد انہوں نے پنچایت پردھان، پنچ اور ضلع پریشد کا کوئی الیکشن نہیں لڑا بلکہ براہ راست ایم ایل اے کے طور پر اسمبلی میں داخل ہوئے ۔ وہ ریاست کی سیاسی تاریخ میں پہلے نائب وزیر اعلیٰ بنے ہیں۔اگنی ہوتری 09 اکتوبر 1962 کو پنجاب کے سنگرور میں ضلع پبلک ریلیشن آفیسر اونکار چند شرما کے گھر پیدا ہوئے تھے ۔ شرما نے کانگریس کے ٹکٹ پر سنتوکھ گڑھ سے اسمبلی الیکشن لڑا، لیکن انہیں شکست ہوئی تھی۔ ان کے بعد کانگریس نے اگنی ہوتری کو سنتوش گڑھ اسمبلی حلقہ سے میدان میں اتارا تھا۔ ان کی ابتدائی تعلیم اونا ضلع میں ہوئی۔ ان کے بڑے بھائی راکیش اگنی ہوتری ایک ڈاکٹر ہیں۔ ان کی تین بہنیں ہیں۔ ان کی بیٹی آستھا اگنی ہوتری، جنہوں نے بیرون ملک تعلیم حاصل کی ہے ، پی ایچ ڈی کر رہی ہیں۔