مہادیو سٹہ معاملہ:دہلی میں ای ڈی کے چھاپے

   

نئی دہلی/رائے پور، 27 نومبر (یواین آئی) چھتیس گڑھ سے وابستہ مہادیو آن لائن سٹہ معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے اپنی تحقیقات کا دائرہ بڑھاتے ہوئے دہلی کے ایک لگژری کیٹرر اور رئیل اسٹیٹ کاروباری کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے ہیں۔ ای ڈی کے ذرائع سے موصولہ معلومات کے مطابق، مہادیو آن لائن سٹہ معاملے میں سوربھ چندراکر سے پوچھ گچھ کے دوران حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر ای ڈی نے یہ کارروائی کی ہے ۔ تحقیقاتی ایجنسی کو شبہ ہے کہ آن لائن سٹہ بازی سے کمائے گئے کروڑوں روپے ان کاروباریوں تک پہنچائے گئے اور اس رقم کو دبئی کے رئیل اسٹیٹ منصوبوں اور ہندوستان کے مہمان نوازی کے کاروبار میں سرمایہ کاری کے لیے استعمال کیا گیا۔ ای ڈی کی ٹیموں نے دہلی کے پوش جور باغ علاقے میں رئیل اسٹیٹ کاروباری کے دو مکانات (نمبر 149 اور 152) اور خان مارکیٹ میں واقع ان کے تجارتی دفتر کی تلاشی لی۔ اس کے علاوہ کیٹرر کے بعض ٹھکانوں پر بھی چھاپے مارے گئے ۔ تحقیقاتی ایجنسی ان ٹھکانوں سے ملنے والے مالیاتی ریکارڈ، کمپنیوں کی دستاویزات اور جائیدادوں سے متعلق کاغذات کی جانچ کر رہی ہے ۔ تحقیقاتی ایجنسی اس بات کا پتہ لگانے میں مصروف ہے کہ آیا ان کاروباریوں کے ذریعے سٹہ بازی کی رقم مختلف کاروباروں میں تو سرمایہ کاری نہیں کی گئی۔