ممبئی: مہاراشٹرا میں گرمی کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، اور آنے والے دنوں میں درجہ حرارت میں مزید اضافے کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مشرق سے چلنے والی گرم ہواؤں اور بحیرہ عرب میں نمی کی سطح میں اضافے کے سبب ریاست میں درجہ حرارت 13 مارچ تک مزید بڑھ سکتا ہے ۔ ریاست کے مختلف حصوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سیلسیس کے درمیان ریکارڈ کیا جا رہا ہے ۔ خاص طور پر کونکن کے علاقوں میں درجہ حرارت اوسط سے زیادہ ہو چکا ہے ، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مرطوب اور گرم موسم کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ سانتا کروز میں درجہ حرارت اوسط سے 3.9 ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہفتے کے آخر تک درجہ حرارت 37 سے 38 ڈگری سیلسیس تک پہنچنے کا امکان ہے ۔ ودربھ کے کچھ علاقوں میں اگلے دو دنوں تک درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری کی کمی متوقع ہے ، تاہم اس کے بعد دوبارہ اضافہ ہو سکتا ہے ۔ مراٹھواڑہ اور مدھیہ مہاراشٹر میں بھی درجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری سیلسیس کے درمیان ریکارڈ کیا جا رہا ہے ۔
ماہرین موسمیات کے مطابق، آنے والے دنوں میں ریاست کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سیلسیس تک پہنچ سکتا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بڑھتی ہوئی گرمی کے پیش نظر زیادہ پانی پینے اور شدید دھوپ میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں۔