مہاراشٹر ‘مریض کو بانس کی چارپائی پر اسپتال پہنچایا گیا

,

   

ناسک، 14 ستمبر (یواین آئی) مہاراشٹر کے ناسک ضلع کے پیتھ تعلقہ میں واقع ہینڈمل گاؤں کے ایک مریض کو پکی سڑک نہ ہونے کے باعث بانس سے بنائی گئی عارضی چارپائی پر لٹا کر اسپتال لے جانا پڑا۔ گاؤں تک ایمبولینس نہ پہنچ پانے کی صورت میں اہل خانہ اور مقامی دیہاتیوں کو مجبوری میں یہ قدم اٹھانا پڑا۔سرگانا گرام پنچایت کے تحت آنے والی دور دراز قبائلی بستی ہینڈمل کے 40 سالہ رہائشی کے پیٹ اور ٹانگوں میں اچانک شدید درد شروع ہوگیا۔ اس بستی کو مرکزی سڑک سے جوڑنے والی مناسب سڑک نہ ہونے کے باعث ہنگامی طبی گاڑیاں وہاں نہیں پہنچ سکیں۔ اس کے بعد اہل خانہ اور دیہاتیوں نے مریض کو بانس کی چارپائی پر لٹایا اور تقریباً پانچ کلومیٹر طویل دشوار گزار اور پہاڑی راستے پر پیدل چل کر اسے مرکزی سڑک تک پہنچایا۔دیہاتیوں کی مشکلات یہیں ختم نہیں ہوئیں۔ وقت پر سرکاری ایمبولینس دستیاب نہ ہونے کے باعث اہل خانہ نے نجی گاڑی کا انتظام کیا اور مریض کو پیتھ کے سرکاری ذیلی ضلعی اسپتال پہنچایا۔ فی الحال اسپتال میں مریض کا علاج جاری ہے اور ڈاکٹروں نے اس کی حالت مستحکم بتائی ہے ۔اس واقعے نے ناسک ضلع کے دور دراز قبائلی علاقوں میں بنیادی سڑکوں اور ہنگامی طبی سہولتوں کی کمی کو ایک بار پھر اجاگر کردیا ہے ۔ مقامی باشندوں نے بتایا کہ ہینڈمل کے لیے پکی سڑک تعمیر کرنے وہ انتظامیہ کو بارہا درخواستیں اور شکایات پیش کرچکے ہیں، لیکن اب تک کوئی ٹھوس کارروائی نہیں کی گئی ہے ۔