میرا کوئی ہائی کمان نہیں ہے ‘ عوام ہی سب کچھ : چندرا بابو نائیڈو

   

وائی ایس آر کانگریس حکومت نے مرکزی فنڈز کا غلط استعمال کیا ۔ چیف منسٹر اے پی کا خطاب
حیدرآباد31دسمبر(یواین آئی) آندھرا پردیش کے چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے پلناڈو ضلع کے یلامنڈا گاؤں میں وظیفہ کی تقسیم کے پروگرام میں شرکت کی۔ انہوں نے تقریب کے دوران گھر گھر جا کریہ رقم ذاتی طور پر تقسیم کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہاکہ میراکوئی ہائی کمان نہیں ہے ۔ آندھرا پردیش کے پانچ کروڑ عوام ہی میرا ہائی کمان ہیں۔ انہوں نے سابق حکومت پر مرکزی فنڈس کا غلط استعمال کرنے ، تمام نظام کا استحصال کرنے اور انہیں غیر موثر بنانے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس کے دور حکومت میں کمپنیاں ریاست سے چلی گئیں، جب کہ اب ان کی حکومت انہیں ایک ایک کرکے واپس لا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام کو تباہ کن حکومت سے نجات دلائی ہے ۔چندرابابو نائیڈو نے سوشل میڈیا پر خواتین کی ہراسانی کے خلاف خبردار کیا۔ انہوں نے سخت کارروائی کا وعدہ کیا اور کہاکہ جو بھی سوشل میڈیا پر خواتین کے بارے میں فحش مواد پوسٹ کریگا اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑیگا۔ انہوں نے کہا کہ میں اچھے لوگوں کے ساتھ حسن سلوک کروں گا لیکن قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کو برداشت نہیں کروں گا۔ انہوں نے آندھرا پردیش کو خشک سالی سے پاک ریاست میں تبدیل کرنے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کسانوں کو فائدہ پہنچانے زراعت میں ڈرون استعمال کرنے کا بھی منصوبہ رکھتی ہے تاکہ انہیں مستقبل میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔