میرٹھ میں بارش سے 3 منزلہ عمارت منہدم، 10 جاں بحق

   

میرٹھ: اتر پردیش کے میرٹھ شہر کے ذاکر کالونی علاقے میں کل دوپہر شدید بارش کے دوران ایک تین منزلہ عمارت منہدم ہوگئی۔ اس حادثے میں اب تک 10 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ حادثہ کل شام تقریباً 5 بجے پیش آیا جب عمارت میں مقیم 15 افراد ملبے تلے دب گئے۔ مرنے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں جن کی شناخت ساجد (40) ان کی بیٹی ثانیہ (15)، بیٹا ثاقب (11)، ثمرہ (دیڑھ سال)، رضا (7)، نفو (63)، فرحانہ (20)، علیشا (18)، علیا (6)، اور رمشا (5 ماہ) کے طور پر کی گئی ہے۔ اس حادثے میں بچ جانے والے چند افراد میں سے ایک 6 سالہ سفیان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے، جبکہ دیگر زخمی افراد کو فوری طور پر علاج کے لیے قریبی میرٹھ میڈیکل کالج منتقل کیا گیا ہے۔عمارت کا مالک نفو علاؤالدین تھا، جو اس جگہ پر ایک ڈیری چلاتا تھا۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور فوری طور پر امدادی کارروائیاں تیز کرنے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے مرنے والوں کے اہل خانہ کو 4 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔