میری منگنی ہوگئی : محمد سراج

   


حیدرآباد : ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد سراج جنھوں نے برسبین ٹسٹ میں 5 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا، انھوں نے انکشاف کیاکہ گزشتہ برس ہی ان کی منگنی ہوگئی۔ اپنی رہائش گاہ پر میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ میرے والد (محمد غوث) جن کا گزشتہ سال نومبر میں انتقال ہوا تھا اور میں وطن واپس ہونا چاہتا تھا لیکن اِس مشکل ترین وقت میں میری والدہ اور منگیتر نے میرا حوصلہ بڑھایا۔ سراج نے کہاکہ وہ ایام میرے لئے کافی مشکل ترین تھے اور میں ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔ گھر پر میں نے جب فون کیا تو والدہ اور رشتہ داروں نے میری حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہاکہ والد کا جو خواب تھا، میں اُسے پورا کروں۔ سراج نے مزید کہاکہ میری منگیتر اور ٹیم کے کھلاڑیوں نے میرا کافی ساتھ دیا۔ دورہ آسٹریلیا پر میں نے جو وکٹیں حاصل کیں وہ میں اپنے والد کے نام معنون کرتا ہوں۔یادر ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف سراج نے ہندوستان کیلئے سب سے زیادہ 13 وکٹیں حاصل کی ہیں۔