میٹرو ریل پراجکٹ کیلئے مرکز کے ساتھ جوائنٹ وینچر کی مساعی

   

ریلوے فینانس کارپوریشن سے قرض کی اجرائی باقی، تلنگانہ حکومت کو دشواریاں
حیدرآباد۔4۔ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کی مساعی کر رہی ہے تاہم مرکز کے ساتھ جوائنٹ وینچر کی تیاری میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے شہری ترقی اور ریلویز کی وزارتوں کے مرکزی وزراء سے ملاقات کرتے ہوئے میٹرو ریل فیس I کو کنٹرول میں لینے اور فیس II کی توسیعی منصوبہ پر عمل آوری میں تعاون کی خواہش کی تھی۔ مرکزی حکومت نے پراجکٹس کی رپورٹ تیار کرنے کیلئے کنسلٹنٹ کے تقرر کی سفارش کی اور جوائنٹ وینچر کے طور پر تکمیل کا بھروسہ دلایا۔ معاہدہ کے مطابق 122.9 کیلو میٹر پر محیط حیدرآباد میٹرو ریل فیس II نیٹ ورک پر 38595 کروڑ کے مصارف سے تکمیل کی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ مالیاتی دشواریوں اور بعض انتظامی رکاوٹوں کے پیش نظر جوائنٹ وینچر کو قطعیت دینے میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکز کی جانب سے پراجکٹ کیلئے کئی اہم منظوریوں کا انتظار ہے۔ ریلوے بورڈ کی جانب سے قرض کی فراہمی سے اتفاق کیا گیا لیکن رقم تاحال جاری نہیں کی گئی جس کے نتیجہ میں حکومت خانگی مالیاتی اداروں سے کم شرح سود پر قرض حاصل کرنے کی مساعی کر رہی ہے۔ مرکزی وزارت شہری ترقی کی جانب سے تلنگانہ حکومت کو کئی ایک منظوریوں کا انتظار ہے۔ ایس بی آئی ، کیاپیٹل مارکٹ کو کنسلسٹنٹ کے طور پر مقرر کرنے میں مرکز سے وضاحت نہیں کی گئی۔ بتایا گیا کہ ایس بی آئی کیاپیٹل مارکٹ سے 13500 کروڑ قرض فراہمی کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ انڈین ریلوے فینانس کارپوریشن نے 13527 کروڑ قرض فراہم کرنے سے اتفاق کیا تھا تاہم وزارت ریلویز نے نئے انفراسٹرکچر پراجکٹ کیلئے جن شرائط کا تعین کیا ، اس کے نتیجہ میں قرض کی اجرائی ممکن نہ ہوسکی۔ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے وزیر کوئلہ و کانکنی کشن ریڈی کی موجودگی میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے منوہر لال کھٹر اور اشونی ویشنو سے ملاقات کی تھی۔1/k
عثمانیہ یونیورسٹی کا 8 ستمبر کو کانوکیشن
حیدرآباد ۔ 4 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : عثمانیہ یونیورسٹی کا 85 واں کانوکیشن 8 ستمبر کو منعقد ہوگا جس میں 12 فیکلٹز کے تحت مختلف شعبوں میں 640 پی ایچ ڈی ڈگریز اور 71 گولڈ میڈلس دئیے جائیں گے ۔ کل یہاں ایک پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے عثمانیہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر کمار مولوگارم نے کہا کہ ریاستی گورنر اور عثمانیہ یونیورسٹی چانسلر شیوپرتاپ شکلا اس تقریب میں شرکت کریں گے ۔ ڈاکٹر کرشنا ایمیلا ، فاونڈر اینڈ چیرمین بھارت بائیو ٹیک کانوکیشن خطبہ دیں گے ۔ پروفیسر کمار نے کہا کہ ڈگری حاصل کرنے والوں اور گولڈمیڈلسٹس کے لیے بیٹھنے کے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں ۔۔ a/m/b