میں فلم کی کہانی نہیں پڑھتا:سلمان خان

   

ممبئی، 17مئی (یواین آئی) بالی ووڈ اسٹار سلمان خان نے اپنے کام کرنے کے انداز کے بارے میں بڑا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے آج تک کسی فلم کی کہانی نہیں پڑھی، بلکہ ہمیشہ اسے سن کر ہی سمجھا ہے ۔ سلمان خان نے ہندوستانی سنیما میں ایک ایسے سوپر اسٹار کے طور پر اپنی شناخت بنائی ہے ، جن کی فلموں نے باکس آفس پرکئی ریکارڈ قائم کیے اور مختلف نسلوں میں زبردست مداحوں کی تعداد پیدا کی۔ جہاں سلمان خان کو اکثر ایسا اسٹار سمجھا جاتا ہے جو لکھائی کے عمل سے بھی جڑے رہے ہیں، وہیں عام تاثر یہ ہے کہ وہ ہر فلم سائن کرنے سے پہلے کہانی کو تفصیل سے پڑھتے ہوں گے لیکن حال ہی میں سوپر اسٹار نے اپنے کام کرنے کے انداز پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں کبھی کہانی نہیں پڑھی، بلکہ صرف سنتے ہیں تاکہ ہدایت کار اور اسکرپٹ رائٹرکے وژن کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔ سلمان خان نے کہاکہ میں نے اپنی پوری زندگی میں کبھی اسکرپٹ پڑھی ہی نہیں۔ میں نے انہیں لکھا ہے ، لیکن کبھی پڑھا نہیں۔ میں اسکرپٹ سنتا ہوں۔ مجھے پسند ہے کہ اسکرپٹ رائٹر یا ڈائریکٹر مجھے سنائے تاکہ میں سمجھ سکوں کہ وہ کس طرح کی فلم بنانا چاہتا ہے اور اس کا وژن کیا ہے ۔ اگر میں اسے پڑھ لوں، تو پھر میرے ذہن میں اپنا وژن بن جائے گا، جو ڈائریکٹر یا رائٹر کے وژن سے مختلف ہوگا۔ سلمان خان ان دنوں ماتر بھومی: میوار ریسٹ اِن پیس میں کام کر رہے ہیں۔ اس فلم کو سلمان خان فلمزکے بینر تلے پروڈیوس کیا گیا ہے ، جبکہ ہدایت کاری اپوروا لاکھیا کر رہے ہیں۔ ماتر بھومی: میوار ریسٹ اِن پیس کو بہادری، قربانی اور جذبے کی ایک بے باک اور مؤثرکہانی کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے ۔ اس فلم میں چترانگدا سنگھ بھی اہم کردار میں نظر آئیں گی۔