نابلس پر اسرائیلی فوج کے حملے ،10 فلسطینی شہید

,

   

چھاپہ مار کارروائی میں 102 افراد زخمی، فلسطینیوں سے جھڑپ
نابلس (مغربی کنارہ) : اسرائیلی فوجیوں نے چہارشنبہ کے روز مقبوضہ مغربی کنارے کے فلیش پوائنٹ شہر نابلس میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران دو مسلح افراد اور تین عام شہریوں سمیت 10فلسطینیوں کو شہید اور کم سے کم 102 افراد کوزخمی کردیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ نابلس میں آپریشن کر رہی ہے لیکن فوری طور پر مزید تفصیل فراہم نہیں کی۔فلسطینی تنظیم جہاد اسلامی کا کہنا ہے کہ نابلس میں اسرائیلی فوج نے اس کے دوکمانڈروں کوایک گھر میں گھیرلیا تھاجس کے بعد جھڑپ شروع ہو گئی۔اس کے نتیجے میں دیگرمسلح افراد بھی شامل ہوگئے۔لڑائی کے وقت دھماکوں کی آوازیں سنائی دی ہیں اور مقامی فلسطینی نوجوانوں نے صہیونی فوجیوں کی بکتربند گاڑیوں پر پتھروں سے حملہ کیا۔فلسطینی طبی حکام کا کہنا ہیکہ حملے میں جہاد اسلامی کے دونوں کمانڈرشہید ہوگئے ہیں۔ باقی 7 افراد میں 3 عام شہری شامل ہیں۔ان میں ایک 72 سالہ شخص اور ایک 14 سالہ لڑکا شامل ہے۔ طبی حکام کا کہنا ہیکہ صیہونی فوجیوں کی کارروائی میں زائد از 102 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔ ادھر اسرائیلی فوج نے کہا کہ وہ 3 مطلوبہ افراد کو گرفتار کرنے کیلئے شہر میں داخل ہوئی اور ایک ٹھکانے پر ان کی موجودگی کا پتہ چلا۔ تینوں مغربی کنارے میں فائرنگ کے ایک واقعہ میں مشتبہ تھے۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ انہوں نے عمارت کو گھیرے میں لے لیا اور ان افراد کو ہتھیار ڈالنے کیلئے کہا، لیکن اس کی بجائے فائرنگ شروع کردی۔ جوابی فائرنگ میں تینوں مارے گئے۔