نارائن گوڑہ پر المناک سڑک حادثہ ، وکیل ہلاک

حیدرآباد ۔ /18 جنوری (سیاست نیوز) شہر کے قلب میں واقع علاقہ نارائن گوڑہ میں پیش آئے المناک سڑک حادثہ میں ایک وکیل برسرموقع ہلاک ہوگیا ۔ نارائن گوڑہ پولیس کے بموجب 53 سالہ رانا پراویر ساکن سلطان بازار آج صبح اپنی بیٹی 19 سالہ شیوانی جو انجنیئرنگ طالبہ ہے کالج کو چھوڑنے کیلئے موٹر سائیکل پر جارہے تھے کہ واٹر ورکس کے قریب شانتی تھیٹر رائل انفیلڈ گاڑی جو مخالف سمت سے تیز رفتار سے آرہی تھی انہیں ٹکر دیدی ۔ اس حادثہ میں پراویر کے سر پر گہرا زخم آیا اور وہ برسرموقع ہلاک ہوگئے ۔ اس حادثہ میں وکیل کی بیٹی بھی زخمی ہوگئی اور اس کے ہاتھ میں فریکچر آیا ۔ پولیس نارائن گوڑہ نے اس ضمن میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے خاطی موٹر سائیکل سوار کی تلاش شروع کردی اور علاقہ کے تمام سی سی ٹی وی کیمروں کا تجزیہ شروع کردیا ۔ پراویر کی نعش کو گاندھی ہاسپٹل کے مردہ خانہ بغرض پوسٹ مارٹم منتقل کیا گیا اور بعد ازاں ورثاء کے حوالے کردیا گیا ۔

TOPPOPULARRECENT