حیدرآباد 10 اکٹوبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش کے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نارا لوکیش 25 اکٹوبر تا یکم نومبر امریکہ کا دورہ کریں گے۔ چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو کے فرزند نارا لوکیش حکومت کی تشکیل کے بعد پہلی مرتبہ امریکہ کے دورے پر روانہ ہورہے ہیں۔ وہ 29 اور 30 اکٹوبر کو نویں سالانہ آئی ٹی سرو سنرجی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی سے وابستہ اداروں کو آندھراپردیش میں سرمایہ کاری کی ترغیب دیں گے۔ اُمید کی جارہی ہے کہ آئی ٹی کمپنیوں کے ساتھ معاہدات پر نارا لوکیش دستخط کریں گے۔ سکریٹری پولیٹیکل ایس سریش کمار نے جی او آر ٹی 1741 جاری کیا جس میں دورے کی تفصیلات کے علاوہ واضح کیا گیا کہ نارا لوکیش کے بیرونی دورے کے تمام اخراجات محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بجٹ سے ادا کئے جائیں گے۔ 1