ناگالینڈ پولیس نے شرپسندوں کیخلاف سخت کارروائی کا حکم دیا

   

کوہیما : ناگالینڈ کی 14ویں قانون ساز اسمبلی کے لیے انتخابی مہم ہفتہ کی شام 4 بجے ختم ہونے والی ہے ۔ ناگالینڈ پولیس نے پرامن اسمبلی انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے ریاست بھر میں الیکشن ڈیوٹی پر مامور تمام سیکورٹی اہلکاروں کو حکم دیا ہے کہ وہ شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اگلے پیر کو پوری ریاست میں پرامن انتخاب کرانے کیلئے سی آر پی ایف، بی ایس ایف، سی آئی ایس ایف، ایس ایس بی، آر پی ایف اور کچھ دیگر ریاستوں کے پولیس دستوں کے ساتھ مختلف مرکزی پولیس تنظیموں کی 305 پیرا ملٹری کمپنیوں کو ریاست میں تعینات کیا گیا ہے ۔ ان میں چھتیس گڑھ، مہاراشٹر، اتر پردیش، پنجاب، جھارکھنڈ، میزورم، راجستھان اور سکم کے سیکورٹی دستے شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ووکھا، موکوکچنگ اور جونہیبوتو اضلاع سمیت تشدد سے متاثرہ اضلاع میں سنٹرل آرمڈ پولیس فورس کی 29 کمپنیاں، ناگالینڈ آرمڈ پولیس کی تین کمپنیاں اور چھ انڈین ریزرو بٹالین تعینات کی گئی ہیں۔