ناگپور میں 160میڈیکل ٹیچرز نے پی جی گائیڈ شپ سے استعفیٰ دیا

   

ناگپور : مہاراشٹر میں طبی تعلیم کی وزارت کی طرف سے ڈاکٹروں کے مطالبات کو پورا نہ کرنے کی وجہ سے ، ناگپور کے گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ اسپتال (جی ایم سی ایچ) کے 160 میڈیکل ٹیچر نے پوسٹ گریجویٹ (پی جی) گائیڈ شپ سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔ یہ رپورٹ جمعرات کو سامنے آئی ہے ۔مہاراشٹر اسٹیٹ میڈیکل ٹیچرز ایسوسی ایشن (ایم ایس ایم ٹی اے ) نے ریاستی طبی تعلیم کے وزیر امیت دیشمکھ کو لکھے ایک خط میں کہا، “تمام میڈیکل اساتذہ نے اپنے اوراپنے کنبہ کی صحت کی پرواہ کیے بغیر کووڈ-19 کی دو لہروں کے دوران وقت ضائع کیے بغیر سخت محنت کی۔ ہم نے الاؤنسز اور کچھ دیگر مطالبات کے حوالے سے آپ سے اور متعلقہ سیکرٹری سے مشورہ کیا ہے ۔ آپ نے مثبت رائے دی اور ایک کمیٹی بنائی۔ حالانکہ کمیٹی کے ذریعہ اگست 2021 کی رپورٹ پیش کیے جانے کے باوجود ابھی تک کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا گیا۔ جس کی وجہ سے تمام میڈیکل ٹیچرز میں شدید غصہ پایا جاتا ہے ۔چنانچہ آخر کار تمام میڈیکل اساتذہ نے متفقہ طور پر پوسٹ گریجویٹ گائیڈنس کے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے ۔