’’نریندر مودی سے سب کچھ ممکن‘‘

   

مندر کی تعمیر پر اکبر اویسی کی نمائندگی، تلگو فلم اسٹار کا تبصرہ
حیدرآباد ۔10۔ فروری (سیاست نیوز) ’’نریندر مودی سے سب کچھ ممکن ہے‘‘۔ مجلس کے فلور لیڈر اکبر اویسی کی جانب سے لال دروازہ کی مہانکالی مندر کی تعمیر اور توسیع کے سلسلہ میں چیف منسٹر کے سی آر سے کی گئی نمائندگی پر بی جے پی قائد اور فلم اسٹار مادھوی لتا نے یہ ریمارک کیا۔ فیس بک اکاونٹ پر اکبر اویسی کے اقدام کے سلسلہ میں تبصرہ کرتے ہوئے فلم اسٹار نے لکھا کہ ’’تبدیلی کا آغاز ہوچکا ہے، مودی صاحب کا مطلب کچھ بھی ممکن ہے اور یہ ثابت ہورہا ہے۔ پرسوں قومی پرچم تھام لیا گیا ، کل قومی گیت جن گن من پڑھا گیا اور آج مندر کی تعمیر کی درخواست کی گئی ۔ مودی آپ عام انسان نہیں ہو‘‘۔ واضح رہے کہ اکبر اویسی نے لال دروازہ کی مہانکالی مندر کی تعمیر کیلئے 10 کروڑ روپئے منظور کرنے کی درخواست کی ۔ اسی دوران بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے مندر کی تعمیر کی درخواست کو کے سی آر سے ملی بھکت کا نتیجہ قرار دیا۔ راجہ سنگھ نے کہا کہ فرقہ پرست مجلس سے تعلقات پر عوامی ناراضگی دور کرنے کیلئے مجلسی فلور لیڈر کے ذریعہ یہ درخواست پیش کی گئی تاکہ عوام میں یہ تاثر دیا جائے کہ مجلس سیکولر پارٹی ہے۔ راجہ سنگھ نے کے سی آر سے مطالبہ کیا کہ وہ اکبر اویسی کے ذریعہ سابق میں دیئے گئے متنازعہ بیانات پر معذرت کرائیں۔ اگر یہ ہوگا تو راجہ سنگھ بھی مجلسی لیڈر کی تائید کیلئے تیار ہیں۔