نظامیہ طبی کالج کی پہلی المنی منانے کو منظوری

   

المنی اسوسی ایشن برائے نظامیہ طبی کالج و ہاسپٹل کا اعلان، چیف منسٹر کو مدعو کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد 22 جنوری (پریس نوٹ) یونانی طب کی تمام موجودہ اسوسی ایشن کے عہدیداروں نے مل کر المنی اسوسی ایشن برائے گورنمنٹ نظامیہ طبی کالج و گورنمنٹ نظامیہ جنرل ہاسپٹل کا قیام عمل میں لایا۔ 1938 ء میں جناب میر عثمان علی خان بہادر آصف سابع نے نظامیہ طبی کالج و صدر شفاء خانہ یونانی کا قیام عمل میں لایا تھا ۔ قدیم اطباء طب نے گورنمنٹ نظامیہ طبی کالج و ہاسپٹل چارمینار کی گولڈن جوبلی اور المنی تقاریب کو شاندار پیمانے پر منانے کا فیصلہ کیا ۔اس ضمن میں محترمہ ایم پرشانتی آئی اے ایس، ڈائرکٹر محکمہ آیوش حکومت تلنگانہ نے المنی اسوسی ایشن برائے گورنمنٹ نظامیہ طبی کالج و ہاسپٹل کو گولڈن جوبلی، المنی تقاریب برائے (دو) روزہ منانے کے احکامات جاری کردیئے۔ اس ضمن میں المنی اسوسی ایشن نے اعلان کیاکہ 2 روزہ تقاریب کا انعقاد ماہ اپریل کے اواخر میں کیا جائے گا اور افتتاحی تقریب کے لئے چیف منسٹر تلنگانہ جناب کے چندرشیکھر راؤ کو مدعو کیا جائے گا۔ المنی اسوسی ایشن کے عہدیداروں نے بتایا کہ تمام BUMS اور MD فارغ التحصیل اطباء کرام کو مدعو کیا جائے گا۔ المنی اسوسی ایشن کے عہدیداروں میں ڈاکٹر سید زین العابدین خان، ڈاکٹر اے اے خان، ڈاکٹر فضل محمد، ڈاکٹر محمد رفیع حیدر شکیب، ڈاکٹر حیدر یمانی، ڈاکٹر محمد احسن فاروقی، ڈاکٹر خواجہ بدرالدین صدیقی، ڈاکٹر کلیم اللہ خان، ڈاکٹر محمد سلیم، ڈاکٹر ایم اے فہیم، ڈاکٹر ایم اے مجید، ڈاکٹر فہیم الدین انصاری، ڈاکٹر لطف علی صدیقی شامل ہیں۔ گولڈن جوبلی تقاریب و المنی پروگرام برائے 2023 ء کے لئے قدیم اطباء کرام ڈاکٹر اسد حسین ابصار، ڈاکٹر صدرالدین شاہد، ڈاکٹر محمد اسماعیل و دیگر نے المنی پروگرام کو خوش آئین قرار دیا۔