ایجنٹس نے ملازمت کے نام پر دھوکہ دیا، چیف منسٹر پرجاوانی میں افراد خاندان کی نمائندگی
حیدرآباد 29 ستمبر (سیاست نیوز) متحدہ نظام آباد ضلع سے تعلق رکھنے والے 4 افراد جو روس میں روزگار کی تلاش میں روانہ ہوئے تھے، وہ لاپتہ ہیں۔ اطلاعات کے مطابق روزگار کا لالچ دے کر ایجنٹس نے اُنھیں جبری طور پر روس کی فوج میں شامل کردیا اور وہ یوکرین کے ساتھ جنگ میں وار زون پر پھنسے ہوئے ہیں۔ چیف منسٹر پرواسی پرجاوانی پروگرام میں چاروں لاپتہ افراد کے رشتہ داروں نے پہونچ کر پرجاوانی کی انچارج شریمتی جی وجیہ لکشمی سے نمائندگی کی۔ وجیہ لکشمی تلنگانہ پلاننگ بورڈ کی نائب صدرنشین بھی ہیں اور اُنھوں نے لاپتہ تلنگانہ باشندوں کی تفصیلات حاصل کیں۔ افراد خاندان اور رشتہ داروں نے بتایا کہ جبراً فوج میں شمولیت کے بعد سے اُن کا رشتہ داروں سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔ بی رویندر، ایس اشوک، ایم پرکاش اور محمد افضل خان نے تقریباً 7 ماہ قبل روس میں روزگار کے وعدے پر سفر کیا۔ ایجنٹ نے آئیل کمپنی میں ملازمت کا بھروسہ دلایا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ اُنھیں یوکرین سے لڑائی کے لئے وار زون میں ٹریننگ دی گئی اور روس کی فوج میں شامل کردیا گیا۔ افراد خاندان نے چاروں کی زندگی کو لاحق خطرہ کے پیش نظر حکومت سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔ وجیہ لکشمی نے جی اے ڈی کے این آر آئی عہدیداروں کو وزارت خارجہ اور ماسکو میں ہندوستانی سفارت خانہ سے ربط قائم کرتے ہوئے بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ ماسکو میں ہندوستانی سفارت خانہ کو پیام روانہ کرتے ہوئے تلنگانہ کے شہریوں کی فوج سے علیحدگی اور بحفاظت واپسی کے لئے مداخلت کی خواہش کی گئی۔ وجیہ لکشمی نے افراد خاندان کو تلنگانہ حکومت کی جانب سے ہرممکنہ تعاون کا یقین دلایا۔ اُنھوں نے کہاکہ وزارت خارجہ کے ذریعہ چاروں تلنگانہ باشندوں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنایا جائے گا۔ پرجاوانی کی اسٹیٹ نوڈل آفیسر کے ودیا ساگر اور این آر آئی اڈوائزری کمیٹی کے نائب صدرنشین بھیم ریڈی اِس موقع پر موجود تھے۔V/1