نظام آباد گورنمنٹ ہاسپٹل میں آتشزدگی کا واقعہ

   

نظام آباد۔ 3 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نظام آباد گورنمنٹ جنرل ہاسپٹل (جی جی ایچ) میں جمعہ کی صبح اچانک آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، تاہم بروقت کارروائی کے باعث ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ اطلاع ملتے ہی محکمہ فائر بریگیڈ کے عملہ نے فوری پہنچ کر آگ پر قابو پالیا، جس سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ فائر بریگیڈ کے عہدیدار شنکر کے مطابق اسپتال کی پہلی منزل پر ایک مریض کے ساتھ آئے شخص کی جانب سے بیڑی پینے کے بعد اسے لاپرواہی سے پھینک دینے کے نتیجہ میں اسموک پائپ کو آگ لگ گئی، جس سے دھواں تیزی کے ساتھ پھیلتے ہوئے چھٹویں منزل تک پہنچ گیا۔ اسپتال میں موجود ڈاکٹروں اور عملہ نے صورتحال کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر فائر اسٹیشن کو اطلاع دی، جس پر دو فائر انجنوں کے ساتھ عملہ موقع پر پہنچا اور آگ کو قابو میں کرلیا۔ اس دوران ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او رگھوپتی بھی مقام پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔ذرائع کے مطابق چھٹویںمنزل پر بڑی مقدار میں طبی ساز و سامان موجود تھا، اور اگر آگ پر بروقت قابو نہ پایا جاتا تو قیمتی طبی ذخیرہ جل کر خاکستر ہو سکتا تھا۔ اس واقعہ کے بعد اسپتال انتظامیہ اور متعلقہ حکام نے حفاظتی اقدامات کو مزید سخت بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔