نلگنڈہ سے کانگریس امیدوار کو 5 لاکھ 50 ہزار ووٹ کی ریکارڈ اکثریت

   

اتم کمار ریڈی نے اپنا چیلنج پورا کیا
حیدرآباد۔/4 جون، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے نلگنڈہ لوک سبھا حلقہ کے بارے میں عوام کے درمیان کئے گئے چیلنج کو پورا کرتے ہوئے کانگریس امیدوار کی ریکارڈ اکثریت سے کامیابی کو یقینی بنایا ہے۔ اتم کمار ریڈی جو گذشتہ لوک سبھا میں نلگنڈہ لوک سبھا حلقہ کی نمائندگی کرچکے ہیں اس مرتبہ کانگریس امیدوار رگھوویر ریڈی کی کامیابی کا بیڑا اٹھایا تھا ۔ انہوں نے اپوزیشن کو چیلنج کیا تھا کہ وہ رگھوویر ریڈی کو 5 لاکھ سے زائد ووٹوں کی اکثریت سے کامیاب بنائیں گے۔ اتم کمار ریڈی نے دن رات محنت کرتے ہوئے اپنے چیلنج کو پورا کیا اور رگھوویر ریڈی کو 5 لاکھ 50 ہزار ووٹ کی تاریخی اکثریت سے کامیابی ملی ہے۔ اتم کمار ریڈی کی مساعی کے نتیجہ میں یہ ممکن ہوسکا۔ ملک میں بھاری اکثریت سے کامیابی کے ریکارڈس میں رگھوویر ریڈی کی کامیابی شامل ہوچکی ہے۔ کانگریس قائدین نے ریکارڈ کامیابی کو یقینی بنانے پر اتم کمارریڈی کو مبارکباد پیش کی۔ اتم کمار ریڈی کے اسمبلی حلقہ نلگنڈہ میں رگھوویر ریڈی کو ایک لاکھ 10 ہزار ووٹوں کی اکثریت حاصل ہوئی جبکہ اتم کمار ریڈی کی اہلیہ پدماوتی ریڈی کے حلقہ کوداڑ میں 90 ہزار سے زائد ووٹوں کی اکثریت حاصل ہوئی۔ واضح رہے کہ رگھوویر ریڈی کانگریس کے سینئر قائد اور سابق وزیر کے جانا ریڈی کے فرزند ہیں۔ ان کے ایک فرزند قانون ساز اسمبلی کے رکن ہیں۔1