محمد تبریز عالم قاسمی
آج کا نوجوان سکون کی تلاش میں ٹی وی اور نیٹ پر وقت گزارتا ہے لیکن اسے یہ نہیں سمجھ میں آتا ہے کہ سکون؛ بلکہ حقیقی سکون ذکرونماز میں ہے۔ نماز کو رہنے دیجیے، مختلف جگہوں پر کام کرنے والے کچھ مسلم نوجوان ایسے بھی ملیں گے جو پاکی کو ضروری نہیں سمجھتے، مسلم نوجوان کے دوستوں کو شمار کریں تو اکثر بدکردار اور بداخلاق ملیں گے، حضور پرنور ﷺسے کسی نے پوچھا کہ بہترین ساتھی کون ہے؟ فرمایا کہ وہ شخص ہے جو تجھے نیک کام کرتے ہوئے دیکھے، تو تمہاری مدد کرے اور برا کام کرتے ہوئے دیکھے تو تجھے تنبیہ کرے، اس معیار کے ہمارے مسلم نوجوان کے کتنے دوست ہیں؟ یہ ایک لمحہ فکریہ ہے۔
کئی سال پہلے ایک کالج میں ایک مسلم نوجوان کو داڑھی رکھنے کی وجہ سے کالج سے نکال دیاگیا، اس نے ہائیکورٹ میں اس کے خلاف عرضی داخل کی، اُس مسلم نوجوان کے وکیل نے مختلف دلائل کی روشنی میں داڑھی اسلام کا شعار ہے، کو ثابت کرنا چاہا، اخیر میں جج نے یہ کہہ کر معاملہ ختم کردیا کہ اسلام میں داڑھی بہت اہم اور لازمی چیز نہیں؛ کیوں کہ اگر لازمی چیز ہوتی جیساکہ آپ ثابت کرنا چاہتے ہیں تو آپ کے چہرے پر داڑھی ضرور ہوتی؛ کیوں کہ آپ بھی مسلمان ہیں، اس معاملہ کا کیا ہوا، وہ الگ قصہ ہے؛ لیکن اس جج کا تبصرہ اتنا دل شکن ہے کہ ہم مسلمانوں کو بہت کچھ سوچنے کی دعوت دیتا ہے۔ آج مسلم نوجوان جمعہ وعیدین میں تو حاضر ہوجاتے ہیں لیکن وہ یہ کیوں نہیں سمجھتے کہ جس خدا نے جمعہ وعیدین کو ضروری قرار دیا ہے، اسی خدا نے روزانہ پانچ نمازوں کو بھی فرض قرار دیا ہے، ہمارے ایمان کی بنیاد میں وہ کمزوری کیا ہے جس کی وجہ سے یہ تفریق ہوجاتی ہے ؟ دعوت و تبلیغ اور اصلاحی جلسے جلوسوں میں بھی کمی نہیں ہے، کمی ہے تو خود مسلم نوجوانوں میں اور بنیادی کمزوری عقائد کا صحیح نہ ہونا ہے، احکام، عقائد پر موقوف ہوتے ہیں، اگر عقائد میں پختگی ہوگی تو احکام میں سستی شاذ ونادر ہوگی۔مغربی ممالک سے آئی ہوئی ہرچیز ہمارے مسلم نوجوان کو لائق تقلید معلوم ہوتی ہے۔ اے نوجوان! سن لو تمہاری تباہی کیلئے یہود نصاریٰ کانفرنسیں کررہے ہیں، کئی کئی ممالک میں تمہاری تباہی کیلئے دماغ لڑائے جارہے ہیں، تمہارے لئے سازشیں ہورہی ہیں، سن لو! نوجوان ہی قوموں کے عروج وزوال کا سبب بنتا ہے۔کل جس زبان سے نعرہٴ تکبیر اور کلمہ توحید کے نعرے بلند ہورہے تھے، آج اس زبان سے بے غیرتی اور بے حیائی کے نعرے سنائے جارہے ہیں۔
اس گئے گزرے دور میں اگر کسی سے کچھ اُمید کی جاسکتی ہے تو وہ ہیں مدارس اور مدارس کے نوجوان طلبہ، مدارس کا وجود، خدا کی بہت بڑی نعمت ہے، عبادات ومعاملات کی بزم آرائی اُنھیں سے ہے، غم خواری، صلہ رحمی، ایثار، تقویٰ وطہارت اور خلوص وللہیت کی جھلک دیکھنی ہوتو یہاں کے پڑھے ہوئے طلبہٴ کرام کو دیکھیں، گویا یہ طلبہٴ مدارس، دیگر غافل نوجوان مسلمان کا کفارہ ادا کررہے ہیں، اللہ اُنھیں سلامت رکھے، اب انھیں نوجوان طلبہٴ مدارس کو یہ عزم و حوصلہ لے کر اُٹھنا ہوگا کہ وہ ان نوجوانوں کی، گناہوں کے تلاطم میں پھنسی ہوئی کشتی کو ساحل سکون تک پہنچائیں گے کہ مرکزِ توجہ اور مرکزِ امید یہی طلبہ ہیں اور یہی حزب اللہ کا ایک حصہ ہیں، خدا مزید ہمت و حوصلہ دے۔