بیدر میں جشن میلاد النبی ؐ سے مفتی سید صغیر احمد کا خطاب، نماز کی پابندی کی تلقین
بیدر۔ 11 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جامع مسجد اہلِ سنت والجماعت ریکلگی، تعلقہ و ضلع بیدر میں بعد نمازِ مغرب جلسہ جشنِ عید میلاد النبی ؐ منعقد ہوا۔ جلسہ کی نگرانی سید فصیح اللہ حسینی المعروف سید سجاد ، صدر انتظامی کمیٹی جامع مسجد ریکلگی نے کی، جبکہ مفتی سید صغیر احمد نقشبندی، شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ حیدرآباد نے خصوصی خطاب میں تقویٰ، تصدیقِ رسول ؐ اور ادبِ مصطفیٰ ؐ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ نماز، روزہ، حج، زکوٰۃ اور دیگر فرائض کی پابندی کے ساتھ گناہوں سے بچنا تقویٰ ہے، تاہم بارگاہِ رسالت ؐ کا ادب و احترام بھی ایمان کا اہم تقاضا ہے۔ انہوں نے سورہ حجرات کی آیتِ کریمہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم ؐ کے سامنے آواز پست رکھنا اور ادب ملحوظ رکھنا تقویٰ کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ محض ظاہری عبادت کافی نہیں، بلکہ محبتِ رسولؐ، تصدیقِ رسول ؐ اور تعظیمِ رسول ؐ کو زندگی کا حصہ بنانا ضروری ہے۔ بے ادبیِ ایمان کے لیے انتہائی خطرناک ہے، اس لیے مسلمانوں کو سنت و تعلیماتِ نبویؐ پر عمل کرنا چاہیے۔ مفتی صاحب نے جامع مسجد ریکلگی کی تعمیر و ترقی پر مولانا مفتی محمد فیاض الدین نظامی، سید سجاد صاحب، نوجوانوں اور انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مسجد کی تعمیر صرف عمارت بنانے کا نام نہیں، بلکہ اصل مقصد مسجد کو نمازیوں سے آباد کرنا اور بستی کے لوگوں کو دین سے جوڑنا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو نماز اور مسجد سے وابستہ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر شخص کم از کم ایک فرد کو مسجد تک لانے کا عزم کرے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی کامیابی نماز اور اللہ تعالیٰ کی بندگی میں ہے۔ گھریلو، کاروباری اور دیگر پریشانیوں میں اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع ہوں۔ نماز اور دعا کو اختیار کیا جائے۔ آخر میں انہوں نے نماز کی پابندی، مساجد کو آباد کرنے، نوجوانوں کو دینی تعلیم سے جوڑنے اور بچوں کی اسلامی تربیت کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ مولانا مفتی محمد فیاض الدین نظامی، صدر نائب قاضی بیدر نے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ جلسہ میلاد عام اجتماع نہیں بلکہ محبتِ رسول ؐ کو فروغ دینے اور سیرت و تعلیماتِ نبوی ؐ سے وابستگی پیدا کرنے کا عظیم اجتماع ہے۔ جلسہ کے آغاز میں مولانا محمد صابر نظامی نے تلاوتِ کلامِ پاک، حافظ محمد معین الدین نظامی نے حمدِ باری تعالیٰ، جبکہ مولانا محمد سراج رضا، مولانا سید سیف اللہ قادری اور محمد عبید اللہ خان عطاری نے نعتِ رسولِ مقبولؐ پیش کی۔ نظامت کے فرائض مولانا حافظ و قاری محمد رفیق پٹیل نظامی، فاضل جامعہ نظامیہ نے انجام دیئے۔