باضابطہ افتتاح کا امکان کم، G20 کے کسی امریکی عہدیدار سے افتتاح کروانے کا منصوبہ
حیدرآباد۔19فروری(سیاست نیوز) نو تعمیرشدہ امریکی قونصل خانہ حیدرآباد کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے اور آئندہ ماہ کے دوسرے ہفتہ میں امریکی قونصل خانہ کی فینانشل ڈسٹرکٹ منتقلی کے اقدامات مکمل کرلئے جائیں گے۔ امریکی قونصل خانہ کی نئی عمارت کی باضابطہ افتتاحی تقریب کا انعقاد کئے جانے کے امکان کم ہیں اور کہا جا رہاہے کہ G20 اجلاس میں شرکت کے لئے پہنچنے والے کسی سرکردہ امریکی عہدیدار سے رسمی افتتاحی تقریب کی تکمیل کی جائے گی جبکہ اس رسمی افتتاح سے قبل قونصل خانہ کی مکمل سرگرمیوں کو مارچ کے دوسرے ہفتہ میں فینانشل ڈسٹرکٹ میں منتقل کردیا جائے گا۔ امریکی قونصل خانہ کی منتقلی اور نئے قونصل خانہ سے سرگرمیوں کے آغاز کے سلسلہ میں اب تک متعدد اطلاعات منظرعام پر آتی رہی ہیں لیکن گذشتہ دنوں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ قونصل خانہ میں خدمات انجام دینے والے شعبہ جات کی منتقلی کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور جلد ہی تمام سرگرمیوں بشمول ویزا انٹرویو کو بھی نئی عمارت میں منتقل کردیا جائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ قونصل خانہ کی نئی عمارت میں منتقلی سے قبل مختلف محکمہ جات سے ضروری کلیئرنس کے حصول میں ہونے والی تاخیر کے سبب یہ مسئلہ طول اختیار کرتا رہا تھا لیکن اب جبکہ تمام متعلقہ محکمہ جات کی جانب سے کلیئرنس حاصل ہوچکا ہے تو ایسی صورت میں قونصل خانہ میں خدمات انجام دینے والے مختلف شعبہ جات کے عہدیداروں کو نئی عمارت میں منتقل ہونے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور ان ہدایات کے مطابق مارچ کے اوائل میں تمام شعبہ جات کو نئی عمارت میں منتقل کردیا جانا لازمی ہوگا جبکہ دوسرے ہفتہ کے دوران تمام سرگرمیاں نئی عمارت سے شروع کردیئے جانے کا امکان ہے۔ قونصل خانہ کے ذرائع کا کہناہے کہ مارچ کے دوسرے ہفتہ میں امریکہ بالخصوص امریکی وزارت خارجہ سے تعلق رکھنے والے کسی عہدیدار کی G20میں شرکت کے لئے ہندستان آمد کی صورت میں انہیں حیدرآباد مدعو کرتے ہوئے قونصل خانہ کی رسمی افتتاح عمل میں لانے کا منصوبہ ہے۔م