جناب عامر علی خان کی اپیل، اسلامی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے سادگی سے شادیوں کو فروغ دینے پر زور
روزنامہ سیاست اور ایم پی جے کے زیراہتمام نظام آباد میں ’’دوبہ دو ملاقات پروگرام‘‘ کا شاندار انعقاد، سینکڑوں افراد کی شرکت
نظام آباد:29 نومبر(محمد جاوید علی کی رپورٹ) روزنامہ سیاست اور موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس (ایم پی جے) کے باہمی اشتراک سے شہر نظام آباد کے کریسنٹ پبلک اسکول میں لڑکوں اور لڑکیوں کے رشتوں کے انتخاب کے لیے مفت دوبہ دو ملاقات پروگرام کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ اس پروگرام میں روزنامہ سیاست کے نیوز ایڈیٹر جناب عامر علی خان نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی، جبکہ تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کے چیئرمین طاہر بن حمدان سمیت مختلف سماجی، ملی، تعلیمی اور سیاسی شخصیات نے شرکت کرتے ہوئے اس منفرد سماجی کوشش کو سراہا۔ پروگرام میں سینکڑوں مرد و خواتین نے شرکت کی اور اپنے بچوں کے لیے مناسب رشتوں کی تلاش میں اس سہولت سے بھرپور استفادہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جناب عامر علی خان نے کہا کہ نکاح ایک پاکیزہ، مقدس اور بابرکت رشتہ ہے اور اسے آسان بنانا ہر مسلمان کی دینی، اخلاقی اور معاشرتی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج معاشرے میں غیر ضروری رسم و رواج، جہیز، گھوڑے جوڑے کی رسم، دکھاوے اور فضول خرچی نے نکاح جیسے آسان اور مقدس عمل کو مشکل بنا دیا ہے، جس کے نتیجے میں کئی مستحق لڑکیاں شادی کی منتظر ہیں اور ان کے والدین شدید معاشی پریشانیوں سے دوچار ہیں۔ اس صورت حال کو بدلنے کے لیے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے عملی طور پر آگے آنا ہوگا۔ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ قرآن مجید کو ترجمے کے ساتھ پڑھیں اور اس کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں اختیار کریں۔ حضور اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ کو اپنا آئیڈیل بناتے ہوئے نکاح کو سادہ اور آسان بنانے کی کوشش کریں۔ شادی بیاہ کی تقریبات میں غیر ضروری اخراجات، نمود و نمائش اور فضول خرچی سے گریز کرتے ہوئے اپنی مالی استطاعت کے مطابق شادیوں کا اہتمام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جب اسلام نے نکاح کو آسان رکھا ہے تو ہم نے اپنی غیر شرعی اور فرسودہ روایات کے ذریعے اسے مشکل کیوں بنا دیا ہے، اس بات پر ہر مسلمان کو سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔ جناب عامر علی خان نے خصوصی طور پر پروگرام میں شریک خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اصلاح معاشرہ میں خواتین کا کردار انتہائی اہم اور فیصلہ کن ہے۔ خواتین اسلامی تاریخ کی عظیم اور مثالی شخصیات حضرت خدیجہؓ، حضرت فاطمہؓ اور حضرت عائشہ? کی سیرت و کردار کو اپنے لیے مشعل راہ بنائیں اور اسلامی اقدار کے فروغ کے لیے آگے آئیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ خواتین گھوڑے جوڑے کی رسم، جہیز کی لعنت اور دیگر غیر شرعی رسومات کے خاتمے کا آغاز اپنے گھروں سے کریں۔ اگر مائیں، بہنیں اور بیٹیاں یہ عہد کرلیں کہ وہ اپنے خاندان میں جہیز کا مطالبہ نہیں کریں گی، شادیوں میں غیر ضروری اخراجات کی حوصلہ افزائی نہیں کریں گی اور سادہ نکاح کو ترجیح دیں گی تو معاشرے میں ایک بڑی تبدیلی آسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھوڑے جوڑے کی رسم اور جہیز کے مطالبات نے کئی غریب اور متوسط خاندانوں کے لیے اپنی بیٹیوں کی شادی ایک سنگین مسئلہ بنا دی ہے۔ والدین اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی خرچ کرنے اور قرض لینے پر مجبور ہوجاتے ہیں، اس کے باوجود کئی مرتبہ مناسب رشتے میسر نہیں آتے۔ ایسی غیر اسلامی اور غیر شرعی روایات کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ رشتوں کے انتخاب میں دولت، جہیز اور ظاہری خوبصورتی کو معیار بنانے کے بجائے دینی شعور، اچھے اخلاق، سیرت، کردار اور خاندانی تربیت کو بنیادی اہمیت دی جانی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ معاشرے میں اس وقت تک حقیقی تبدیلی ممکن نہیں جب تک مرد اور خواتین دونوں مل کر ان فرسودہ رسومات کے خلاف عملی جدوجہد نہیں کریں گے۔ جناب عامر علی خان نے مزید کہا کہ مسلمانوں کو معاشی مشکلات سے دوچار مستحق خاندانوں کی مدد کے لیے زکوٰۃ کے نظام کو مؤثر بنانا چاہیے تاکہ غریب والدین اپنی بچیوں کی شادیوں کے سلسلے میں مالی پریشانیوں سے نجات حاصل کرسکیں۔ مسلمانوں کو سودی قرضوں سے بچنے، اپنی آمدنی اور مالی استطاعت کے مطابق زندگی گزارنے اور شادیوں میں غیر ضروری اخراجات سے اجتناب کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملت کے معاشی اور معاشرتی مسائل کا حل باہمی اتحاد، تعاون اور اجتماعی جدوجہد میں مضمر ہے۔ طاہر بن حمدان نے اپنے خطاب میں نظام آباد میں دوبہ دو ملاقات پروگرام کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلم معاشرے میں اتحاد و اتفاق کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ نظام آباد شہر کو دنیا بھر میں ایک منفرد مقام حاصل ہوسکے۔ انہوں نے روزنامہ سیاست کی طویل عرصے سے جاری ملی، سماجی اور تعلیمی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ سیاست نے ملت کی رہنمائی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں اپنی خدمات کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ عبدالرحمن داؤدی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہر انسان کے لیے جوڑا پیدا فرمایا ہے، لہٰذا مغربی تہذیب کے غیر ضروری اثرات سے دور رہتے ہوئے اسلامی معاشرتی اقدار کو اپنانا چاہیے۔ انہوں نے رشتوں کے انتخاب میں ظاہری خوبصورتی اور دولت کے بجائے سیرت و کردار کو ترجیح دینے پر زور دیا۔ عبداللہ کوثر نے پروگرام کو مسلم معاشرے کے لیے ایک مفید اور قابل قدر کوشش قرار دیتے ہوئے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں شادیوں کو آسان بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ روزنامہ سیاست کی ملی، سماجی اور تعلیمی میدان میں خدمات ناقابل فراموش ہیں اور ایڈیٹر جناب زاہد علی خان اور جناب عامر علی خان ملت کی رہنمائی اور فلاح و بہبود کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔اس موقع پر ایم پی جے کے صدر حلیم قمر نے کہا کہ جناب عامر علی خان نے قرآنی تعلیمات کی روشنی میں نکاح کی اہمیت اور اس کی برکتوں کو مؤثر انداز میں واضح کیا ہے۔ انہوں نے ایم پی جے کی سماجی خدمات اور تنظیم کی مختلف سرگرمیوں سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ ایس آئی آر کے دوران بھی تنظیم نے مسلمانوں کی رہنمائی اور تعاون کے لیے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں شادی بیاہ اور رشتوں کے معاملات بھی تجارتی نوعیت اختیار کرتے جارہے ہیں، ایسے حالات میں روزنامہ سیاست اور ایم پی جے کے اشتراک سے منعقد ہونے والا دوبہ دو ملاقات پروگرام مسلم خاندانوں کے لیے ایک بہترین رہنما اور معاون پلیٹ فارم ثابت ہورہا ہے۔ انہوں نے شادیوں میں اسراف کے خاتمے کے لیے خواتین سے بھی پہل کرنے کی اپیل کی۔ سابق ڈپٹی میئر فہیم نے گزشتہ اٹھارہ برسوں سے جاری دوبہ دو ملاقات پروگرام کی ستائش کرتے ہوئے جناب عامر علی خان اور ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خان کی کاوشوں کو قابل تحسین قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ روزنامہ سیاست نے صحافتی خدمات کے علاوہ ملت کی تعلیمی، سماجی اور ملی ترقی میں بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ مسعود احمد اعجازقائد کانگریس نے پروگرام کو ازدواجی رشتوں کے انتخاب کے لیے ایک منفرد اور قابل ستائش کوشش قرار دیتے ہوئے مسلم خاندانوں سے اپیل کی کہ وہ اس سہولت سے بھرپور استفادہ کریں۔ انہوں نے ملت کی رہنمائی اور معاشرتی مسائل کے حل کے لیے روزنامہ سیاست کی جانب سے انجام دی جانے والی خدمات کو بھی سراہا۔ صالح بن عبداللہ نے بتایا کہ اب تک اس پروگرام کے ذریعے تقریباً دس ہزار رشتے طے پانے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے، جو اس سماجی پلیٹ فارم کی افادیت اور کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی اولاد کی شادیوں کو کم سے کم اخراجات کے ساتھ انجام دیں اور غیر ضروری رسومات سے مکمل اجتناب کریں۔ خالد خان جرنلسٹ نے جناب عامر علی خان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے پروگرام کو مسلم معاشرے میں شفافیت پیدا کرنے اور نکاح کو آسان بنانے کی جانب ایک قابل تعریف قدم قرار دیا۔پروگرام کی کارروائی اسٹاف رپورٹر روزنامہ سیاست نظام آباد محمد جاوید علی نے چلائی۔ پروگرام کا آغاز حافظ مجاہد الدین نے قرأت کلام سے شروع کیا گیا۔ اس پروگرام میں ایم پی جے کے نائب صدر شیخ جیلانی، عبدالمصور سکریٹری، شاز صدیقی آرگنائزنگ سکریٹری، عبدالعلیم سرپرست کے علاوہ عبدالمقیت، مجا ہد، شیخ غوث، عرفان احمد عبدالعلیم سہیل ایم پی جے کے علاوہ شہر کے مختلف ممتاز شخصیتوں نے شرکت کی۔ اس پروگرام میں کریم نگر، نرمل، عادل آباد، میدک، مہاراشٹرا کے ناندیڑ ضلع سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ مختلف افراد نے اپنے اپنے مناسب رشتوں کا انتخاب کیا اور آئندہ بھی یہ سلسلہ ایم پی جے اور سیاست کی جانب سے جاری رکھنے کا عزم کیا۔
قانون ساز اداروں میں بی سی تحفظات یقینی بنانے کا مطالبہ: جی نرنجن
حیدرآباد 29 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کمیشن برائے پسماندہ طبقات کے چیئرمین شری جی نرنجن نے وزیر اعظم ہند نریندر مودی پر زور دیا ہے کہ وہ پارلیمنٹ میں مجوزہ حد بندی اور خواتین ریزرویشن بلوں کو زیر غور لانے سے قبل لوک سبھا اور ریاستی قانون ساز اسمبلیوں میں پسماندہ طبقات (بی سی) کے لیے تحفظات کو یقینی بنائیں۔ وزیر اعظم کے نام 29 نومبر 2026 کو تحریر کردہ ایک مکتوب میں چیئرمین نے کہا کہ جمہوری حکمرانی اور فیصلہ سازی میں پسماندہ طبقات کا جائز حصہ یقینی بنانے کے لیے قانون ساز اداروں میں انہیں سیاسی نمائندگی اور تحفظات فراہم کرنا ناگزیر ہے۔ مکتوب کی نقول مرکزی وزیر داخلہ شری امیت شاہ، لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی اور راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن ملکارجن کھرگے کو بھی روانہ کی گئی ہیں، جن میں ان سے پسماندہ طبقات کی سیاسی نمائندگی کو یقینی بنانے کے لیے توجہ اور تعاون کی درخواست کی گئی ہے۔1